بھٹکل میں مزید سات کورونا پوزیٹیو کے معاملات؛ پانچ دنوں میں کل تعداد 20 کو پہنچی
06:56AM Sat 9 May, 2020
بھٹکل: 9 مئی،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں 5 مئی کو 18 سالہ لڑکی کے کورونا پوزیٹیو پائے جانے کے بعد سے یہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھتے ہی جارہی ہے کل جمعہ کو بھٹکل میں ایک ساتھ 12 افراد کورونا پوزیٹیو پائے گئے تھے جبکہ آج ہفتے کے روز اسی لڑکی کے رابطہ میں آنے والے 7 افراد اس بیماری میں ملوث پائے گئے ہیں جس میں سے پانچ کا تعلق سلطانی اسٹریٹ سے جبکہ دو افراد نوائط کالونی کے مقیم ہیں۔
سمجھا جارہا ہے کہ کچھ روز قبل 18 سالہ لڑکی کی بہن، بہنوی اور ان کی پانچ ماہ کی بچی مینگلور کے فرسٹ نیورو اسپتال گئے ہوئے تھے اندیشہ ہے کہ وہاں سے ہی یہ مرض بھٹکل پہنچ گیا ہے۔
آج کے کورونا ہیلتھ بلٹین کے مطابق جو لوگ کورونا پوزیٹیو پائے گئے ہیں ان میں مینگلور جانے والی خاتون کی 23 سالہ بہن اور اسکی دو بچیاں اُس کے 65 سالہ والد، 50 سالہ والدہ، ایک سہیلی کے 68 سالہ والد اسی طرح اُس کی بھابھی کی 15 سالہ بہن بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ کل بارہ معاملات سامنے آنے کے بعد سے مدینہ کالونی اور اس کے اطراف کے علاقوں کو سیل کیا گیا تھا اور آمد و رفت پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی۔
اس سے قبل بھٹکل میں گیارہ افراد میں اس بیماری کی تصدیق ہوئی تھی تاہم علاج کے بعد وہ تمام افراد اب صحت یاب ہوکر لوٹ چکے ہیں۔