کرکٹ کی کوچنگ دینے والی بھٹکل اسپورٹس اکیڈمی عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان
10:35AM Sun 20 Feb, 2022

بھٹکل: 19 فروری،2022 (پریس ریلیز) بھٹکل اسپورٹس اکیڈمی کے مینجنگ ڈائرکٹر وسیم کے ایم نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ بھٹکل میں اسکول اور کالجس کے طلبہ کو کرکٹ کی ٹریننگ دینے کے لئے گذشتہ تین سالوں سے قائم بھٹکل اسپورٹس اکیڈمی کو عارضی طور پر بند کیا جارہا ہے۔
وسیم نے بتایا کہ بھٹکل کے نوجوانوں میں کرکٹ کا اچھا ٹیلنٹ پایا جاتا ہے، مگر ان کی صحیح ٹریننگ نہ ہونے کی وجہ سے بھٹکل کے کھلاڑ ی صرف مقامی حد تک ہی اپنا پرفارمینس پیش کرپاتے ہیں۔ ہم نے ان کھلاڑیوں کو آگے بڑھانے کا موقع دینے کی نیت سے ٹی ایف سی کے بالمقابل نیشنل ہائی وے سے متصل واقع سِم اینکلیو میدان پر اپنی اکیڈمی قائم کی تھی اور باہر سے بہترین کوچرس کی خدمات حاصل کرتے ہوئے آٹھ اور دس سال کی عمر کے بچو ں سے لے کر نوجوانوں تک کو کو کرکٹ کی مکمل ٹریننگ دینے کا کام شروع کیا،جس کے بعد ہمارے بچوں اور نوجوانوں پر مشتمل کئی کرکٹ ٹیمیں کرناٹکا اسٹیٹ اسوسی ایشن کے زیراہتمام ہبلی میں منعقدہ ڈیویژنل لیول کرکٹ ٹورنامنٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں، مگر اب کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر ہمیں اپنی اکیڈمی عارضی طور پر بند کرنا پڑ رہا ہے۔
وسیم نے سِم اینکلیو میدان کے مالک جناب ارشاد صدیقہ اور بعض دیگر این آر آئیز کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ بالخصوص جناب ارشاد صاحب نے اپنے میدان پر اکیڈمی قائم کرنے کی اجازت دی تھی، اسی طرح وسیم نے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے سابق صدر امتیاز اُدیاور اور سابق سکریٹری نصیف خلیفہ اور جناب مدثر ائیکری کے تعاون پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کے علاوہ بھی بعض دیگر لوگوں نے اکیڈمی کو اپنا بھرپور تعاون پیش کیا جس پر بھی انہوں نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پریس ریلیز میں وسیم نے اکیڈمی کو بند کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوکہا ہے کہ بعض لوگوں سے جن سے اُنہیں تعاون کی اُمید تھی، اُس طرح کا تعاون نہیں ملا، جس کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں اس اکیڈمی کو بند کرنا پڑا۔
پریس ریلیز میں جناب وسیم صاحب نے بتایا کہ اب اکیڈمی واپس کب اور کہاں قائم ہوگی اس کے بارے میں اگلی پریس ریلیز میں اطلاع دی جائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر اکیڈمی میں جوائین ہونے والے کھلاڑیوں اور اُن کے والدین اور سرپرستوں کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے وہ تین سال تک اپنی اکیڈمی چلانے میں کامیاب رہے۔ وسیم کے مطابق اگر عوام کی دعائیں اور تعاون رہا تو وہ بہت جلد نئے عزائم اور نئے ارادوں کے ساتھ واپس آئیں گے۔
