پوپ بینیڈکٹ: مستعفی ہونے کا فیصلہ

03:34PM Mon 11 Feb, 2013

پوپ بینیڈکٹ: مستعفی ہونے کا فیصلہ ویٹیکن نے تصدیق کی ہے کہ پوپ بینڈکٹ شانزدہم 28 فروری کو مستعفی ہو رہے ہیں۔ 85 سالہ پوپ اپریل 2005 میں پوپ جان پال دوم کے انتقال کے بعد پوپ بنے تھے۔ چھ سو سال کے عرصے میں وہ پہلے پوپ ہیں جنھوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے، جس سے نہ صرف مختلف ملکوں کی حکومتیں، ویٹیکن پر نظر رکھنے والے مبصر، حتیٰ کہ ان کے قریبی مشیر تک حیران رہ گئے ہیں۔ عام طور پر پوپ کا عہدہ تاحیات ہوتا ہے۔ ویٹیکن کا کہنا ہے کہ نئے پوپ کا انتخاب ایسٹر سے پہلے کر دیا جائے گا۔ روم میں بی بی سی کے ایلن جانسٹن یہ خبر بے حد حیرت انگیز تھی، اور حالیہ دنوں میں اس بارے میں کوئی قیاس آرائیاں بھی نہیں تھیں۔ اٹلی کے صدر ماریو مونٹی نے کہا ہے کہ انھیں اس ’غیر متوقع خبر سے شدید صدمہ پہنچا ہے۔‘ ویٹیکن کے ایک ترجمان فادر فیڈریکو لومبارڈی نے کہا کہ اگرچہ پوپ کے قریبی مشیروں تک کو یہ معلوم نہیں تھا کہ وہ مستعفی ہونا چاہتے ہیں اور انھیں اس بات کا یقین نہیں آ رہا تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے پوپ کی ہمت اور عزم کا اندازہ ہوتا ہے۔ تاہم پوپ کے بھائی نے کہا کہ پوپ کو ان کے ڈاکٹر نے طویل فضائی سفر سے منع کیا تھا، اور وہ کئی مہینوں سے مستعفی ہونے کے بارے میں سوچ رہے تھے۔ جرمنی میں اپنے گھر سے بات کرتے ہوئے جارگ ریٹزنگر نے کہا کہ ان کے بھائی کو چلنے میں دشواری ہوتی تھی، اور ان کا استعفیٰ ’قدرتی عمل کا حصہ ہے۔‘ انھوں نے مزید کہا، ’ان کی عمر ان پر بوجھ بنتی جا رہی تھی۔ اس عمر میں میرے بھائی کو زیادہ آرام چاہتے ہیں۔‘ 2005 میں جب سابق کارڈینل جوزف ریٹزنگر پوپ بنے تھے وہ اس وقت وہ پوپ بننے والے معمر ترین افراد میں شامل ہو گئے تھے۔ جب انھوں نے اپنا عہدہ سنبھالا تو اس وقت کیتھولک چرچ ایک بہت بڑے بحران سے گزر رہا تھا۔ اسی دوران یہ خبریں آنا شروع ہوئی تھیں کہ پادری بچوں کو زیادتی کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔ پوپ نے ایک بیان میں کہا: ’خدا کے سامنے اپنے ضمیر کا بار بار جائزہ لینے کے بعد مجھے یقین ہو گیا ہے کہ میرے بڑھاپے کی وجہ سے میری جسمانی طاقت اس عہدے کے ضروریات ادا کرنے کے لیے ناکافی ہے۔‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’آج کی دنیا، جو برق رفتار تبدیلیوں اور ایمان کی زندگی کے بارے میں گہرے سوالات کی وجہ سے تلاطم کا شکار ہے، اس میں سینٹ پیٹر کا عہدہ سنبھالنے اور خدا کا پیغام پھیلانے کے لیے ذہنی اور جسمانی طاقت کی ضرورت ہے، جب کہ گذشتہ چند ماہ میں اس میں اس حد تک کمی آئی ہے کہ مجھے اپنی ذمے داریاں نہ نبھا پانے کی کمزوری کا اعتراف کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔‘ Pop BBC URDU