کرناٹک: 'لاوڈ اسپیکر پر اذان' پر تنازعہ   ہوا مزید گہرا ، حکومت نے صوتی آلودگی کے خلاف کارروائی کا دیا انتباہ

12:00PM Mon 9 May, 2022

بنگلورو:  9  مئی،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  کرناٹک میں پولیس ہائی الرٹ پر ہے جب پیر کو ایک ہندو تنظیم کے کارکنوں نے ریاست بھر میں اذان کے خلاف ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کرنے کا اعلان کیا۔ شری رام سینا کے بانی پرمود متھالک نے صبح 5 بجے میسور ضلع کے ایک مندر میں ہنومان چالیسہ پاٹھ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مساجد میں اذان کے خلاف 1000 سے زیادہ مندروں میں ہنومان چالیسہ اور 'سپربھات' آرتی کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے اس سے قبل کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومائی اور وزیر داخلہ اراگا گیانیندر سے کہا تھا کہ وہ بھی اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی طرح ہمت کا مظاہرہ کریں کہ وہ مذہبی مقامات سے غیر مجاز لاؤڈ اسپیکر اتارنے کے لیے کارروائی کریں۔ اس دوران پولیس نے شری رام سینا کے کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے جو بنگلورو کے ایک مندر میں ہنومان چالیسہ کا نعرہ لگانے کی تیاری کر رہے تھے۔ اس معاملے پر فرقہ وارانہ تصادم کے امکان کے پیش نظر ریاست بھر میں سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔ بنگلورو کے پولیس کمشنر کمل پنت نے بھی تنازعہ کے پس منظر میں وزیر اعلی بسواراج بومئی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔ دریں اثناء کرناٹک کے وزیر داخلہ اراگا گیانندرا نے کہا ہے کہ صوتی آلودگی پیدا کرنے والی کسی بھی سرگرمی سے عدالت کے حکم کے مطابق نمٹا جائے گا۔ عدالت کے حکم پر سب کو عمل کرنا چاہیے۔ ہم قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے سے ذرا بھی نہیں ہچکچائیں گے۔ بنگلورو میں اب تک لاؤڈ اسپیکر کے خلاف کل 301 نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ پب، بارز اور ریستورانوں کو 59، صنعتوں کو 12، مندروں کو 83، چرچوں کو 22 اور شہر بھر کی مساجد کو 125 نوٹس دئے گئے ہیں۔ مالیشورم اور دیگر مقامات کے مندروں کو کچھ نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔   متھالک نے اعلان کیا ہے کہ کارکن آنے والے دنوں میں مندروں میں ہنومان چالیسہ مہم کو تیز کریں گے۔ انہوں نے لاؤڈ اسپیکروں پر اذان کے خلاف کارروائی کرنے میں کرناٹک حکومت کی بے بسی پر سوال اٹھایا اور کہا کہ یہ آئین اور قانون کے خلاف ہے۔ شری رام سینا کے سربراہ نے کہا کہ صبح سویرے لاؤڈ اسپیکر پر دی جانے والی اذان سے مریض اور طلباء پریشان ہوتے ہیں۔ کانگریس نے مسلمانوں کو یہ احساس دلایا کہ وہ قانون سے بالاتر ہیں، اور ان میں خوف بھی پیدا کیا ہے۔ قانون کی کو قائم رکھا جانا چاہیے۔ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔