انجمن صد سالہ اجلاس کی اختتامی تقریبات کا آغاز 28 دسمبر کو ہوگا: ریاستی گورنر کی شرکت متوقع
03:00PM Mon 7 Nov, 2022

بھٹکل : 07 نومبر، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ‘‘انجمن حامئی مسلمین کے سوسال مکمل ہونے پر رکھی گئی صد سالہ تقریبات ویسے تو 2019 میں شروع ہوئی تھی لیکن درمیان میں کویڈ کی وجہ سے نافذ ہونے والے لاک ڈاؤن کے سبب اختتامی تقریب کا انعقاد نہیں ہوسکا تھا، اب انتظامیہ نے اس تعلق سے سوچا اور دسمبر کے اواخر میں اس کو منعقد کرنا طے کیا گیا’’ ۔
ان خیالات کا اظہار صدر انجمن جناب مزمل قاضیا صاحب نے کیا وہ آج یہاں انجمن کے ایڈمنسٹریٹو بلاک میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب تھے ۔
انہوں نے اس تعلق سے معلومات دیتے ہوئے کہا کہ صد سالہ تقریب کا اختتامی اجلاس 28 دسمبر،2022 کو شروع ہوگا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر ریاستی گورنر تھاور چند گہلوت اور دیگر معززین شرکت کریں گے جبکہ اس کے بعد دوسرے دنوں میں بھی اہم اجلاس اور مقابلوں کا انعقاد ہوگا ۔
صدرانجمن نے اس موقع پر انجمن گرلز ہائی اسکول کے پچاس سال مکمل ہونے پر اس کی گولڈن جوبلی تقریبات کے منعقد ہونے کی بھی اطلاع دی اور اس کے ذیل میں بھی مختلف پروگرام منعقد ہونے کی جانکاری دی۔
خیال رہے کہ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کا قیام 1919 میں ہوا تھا جس کے تحت شروع میں بھٹکل میں ہی پرائمری اسکول قائم ہوا تھا جو کہ شہر کا واحد پرائیوٹ اسکول تھا جہاں بلا تفریق مذہب طلبہ تعلیم حاصل کرتے تھے۔ اس کے بعد انجمن نے ہائی اسکول کی تعلیم شروع کی اور پھر 1968 پی پی یو کالج کی بنیاد ڈالی گئی ۔انجمن کے ذمہ داران نےشہر کے نونہالوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے 1980 میں انجنئرنگ کالج قائم کیا جس کے بعد سے انجمن نے ترقی کرتے ہوئے بہت سے پرائمری اور ہائی اسکول کے ساتھ ساتھ دیگر اعلیٰ تعلیمی شعبوں کی بھی بنیاد رکھی جو آج تک نونہالوں کو تعلیم کے زیور سے مالا مال کرتے آرہے ہیں۔
[embedyt] https://www.youtube.com/watch?v=GCyNPR9IkRo[/embedyt]