بھٹکل ویلفئیر پارٹی  کی طرف سے 28 فروری کو مختلف مانگوں کے ساتھ  ہیبلے پنچایت کے باہر دیا جائے گا دھرنا

03:10PM Sat 26 Feb, 2022

بھٹکل: 26 فروری، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  "بھٹکل ہیبلے پنچایت حدود کے تحت آنے والے جامعہ آباد روڈ اور منی روڈ پر سے  کچروں کی صفائی کا مسئلہ جوں کا توں باقی ہے ، ویلفئیر پارٹی نے اس سے قبل پنچایت کو  اس کی صفائی  کرنے اور اس کا مستقل حل نکالنے کے لیے میمورنڈم سونپا تھا اور نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کرنے کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔لیکن ان کا کام ابھی تک کچھ آگے نہیں بڑھا ہے"۔ ان خیالات کا اظہار ویلفئیر پارٹی کے ضلعی جنرل سکریٹری آصف شیخ نے کیا وہ آج یہاں ویلفئر پارٹی آف انڈیا بھٹکل کے دفتر میں اخباری نمائندوں سے مخاطب تھے۔انہوں نے کہا کہ وہاں جمع ہونے والے کچروں سے وہاں کے عوام اور طلبہ وغیرہ کو بہت تکلیف ہورہی ہے لیکن ہیبلے پنچایت اس مسئلہ کو سنجیدگی کے ساتھ نہیں لے رہی ہے  اور یہ پنچایت چاہ کر بھی اس مسئلہ کو حل نہیں کر تے ہوئے صرف ٹال مٹول سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ان مختلف مانگوں کو لے کر ویلفئیر پارٹی آف انڈیا 28 فروری،2022 پیر کے دن صبح 11:00 بجے  ہیبلے پنچایت کے باہر دھرنا دے رہی ہے جس میں  انہوں نےعوام کو کثیر تعداد میں شریک ہونے کی درخواست کی ہے انہوں نے کہا کہ یہ دھرنا اس وقت  تک جاری رہے گا جب تک پنچایت ان کی مانگوں کو پورا نہیں کرے گی۔ اس موقع پر جناب عبدالجبار اسدی صاحب اور جناب شوکت خطیب صاحب نے بھی دھرنے کے متعلق معلومات دیں۔