اومیکرون کے معاملات میں اضافہ کے بعد کرناٹک میں 28 دسمبر سے نائٹ کرفیو کا اعلان: پڑھیے تفصیلات
11:23AM Sun 26 Dec, 2021
بینگلورو: 26 دسمبر،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اومیکرون کے خطرے کے درمیانریاستی حکومت نے ریاست میں 28 دسمبر سے 7 جنوری،2022 تک رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک نائٹ کرفیو کا اعلان کیا ہے اس کے ساتھ ہی ریاستی حکومت نے نئے سال سے متعلق پارٹیوں اور تقریبات کے لیے کچھ پابندیوں کا بھی اعلان کیا ہے۔
کرناٹک کے وزیر صحت کے سدھاکر نے کہا کہ 28 دسمبر سے، تقریباً دس دنوں تک ہم دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے رات 10 بجے سے اگلی صبح 5 بجے تک رات کا کرفیو نافذ کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بسوراج بومائی کی صدارت میں سینئر وزراء، عہدیداروں اور کوویڈ ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے آج کہا کہ نئے سال کی تقریبات اور جشن پر پابندی عائد رہے گی۔ وزیر صحت کے سدھاکر نے کہا کہ بیرونی احاطے میں کوئی جشن یا پارٹیاں نہیں ہوں گی، خاص طور پر ڈی جے اور بڑے اجتماعات پر مکمل پابندی رہے گی۔
وزیرصحت نے یہ بھی کہا کہ کھانے پینے کی جگہوں، ہوٹلوں، پب اور ریستراں میں 50 فیصد گاہکوں کی گنجائش کے ساتھ کام کریں گے۔ اس کے علاوہ کسی بھی طرح کے گھومنے پھرنے پر پابندی عائد رہے گی جبکہ طبی ایمرجینسی کی صورت میں مریض اور اس کے ساتھ ایک شخص کو جانے کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ ریاست میں سنیچر کے روز سات اومیکرون کے معاملات سامنے آئے تھے جس کے بعد یہ تعداد 38 کو پہنچ گئی تھی۔