مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل میں آج منعقد ویکسنیشن کیمپ میں 270 سے زائد افراد نے لگوایا ویکسین
12:51PM Thu 17 Jun, 2021

بھٹکل: 17 جون، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) آج 17 جون 2021 بروز جمعرات تنظیم ہال میں45 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے جو ویکسینیشن کیمپ منعقد کیا گیا تھا اس سے 270 سے زائد لوگوں نے استفادہ کیا۔
آج صبح سے ویکسینیشن لگوانے کے خواہشمند مرد و خواتین بڑی تعداد میں تنظیم ہال پہنچنے لگے تھے جس کے بعد اعلان کے مطابق عصر 04:30بجے یہ سلسلہ روک دیا گیا۔اچھی بات یہ رہی کہ اس مرتبہ ویکسین لگوانے والے مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ کمرے مختص کر دئے گئے تھے۔جس سے لوگوں کو آسانی اور راحت کا احساس ہوا۔
کیمپ کے دوران بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے نوجوانوں نے پوری مستعدی اور گرم جوشی کے ساتھ پورے دن کی کارروائی کو سنبھالا اور بہترین انتظام و نظم و ضبط کے ساتھ عوامی خدمت انجام دینے میں تنظیم کا بھرپور تعاون کیا۔
ڈی ایچ او ڈاکٹر مورتی راج اور تعلقہ ہاسپٹل کے نرسنگ اسٹاف نے پوری دلچسپی اور دلجمعی کے ساتھ اس کیمپ کو کامیاب بنانے میں اپنا رول ادا کیا۔
اس کیمپ کے دوران ویکسینیشن سرٹیفکیٹ میں کسی بھی قسم کے غلط اندراج کو درست کرنے کی بھی سہولت فراہم کی گئی تھی جس کی وجہ سےپچھلے دنوں میں ویکسین لگوائے ہوئے تقریباً 50 سے زائد لوگوں نے اپنا پتہ یا جنس سے متعلق غلط اندراج کو درست کروایا۔
مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے ذمہ دران نے اس مہم میں تعاون کرنے والے سبھی حضرات کی خدمت میں ہدیہ تشکر پیش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان شاءاللہ آنے والے دنوں میں تنظیم کی جانب سے اس طرح کے کیمپ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔



