کسانوں نے غازی پور بارڈر پر لگایا ٹینٹ، مظاہرہ میں مزید شدت : 27 دسمبر کو تالی اور تھالی بجانے کا اعلان

04:42PM Mon 21 Dec, 2020

کسانوں کا مظاہرہ دن بہ دن تیز ہوتا جا رہا ہے۔ مودی حکومت زرعی قوانین واپس لینے کے لیے تیار نہیں ہے، اور کسانوں نے بھی عزم کر رکھا ہے کہ جب تک قانون واپس نہیں ہوگا، وہ گھر نہیں لوٹیں گے۔ اس ضمن میں غازی پور بارڈر پر موجود کسان مظاہرین نے ٹینٹ بھی لگا لیا ہے اور سرد راتوں میں بھی گھر واپسی کے ارادے کو ترک کر دیا ہے۔

کسانوں نے 27 دسمبر کو تالی اور تھالی بجانے کا کیا اعلان

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق 27 دسمبر کو کسانوں نے تالی اور تھالی بجانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کسانوں نے اس دن کا انتخاب اس لیے کیا ہے کیونکہ 27 دسمبر کو ہی پی ایم مودی ’من کی بات‘ پروگرام کو خطاب کریں گے۔ کسان چاہتے ہیں کہ اس موقع پر وہ تالی اور تھالی بجا کر پی ایم مودی کی مخالفت میں آواز اٹھائیں اور زرعی قوانین کو واپس لینے کے اپنے مطالبہ کو مضبوطی کے ساتھ پیش کریں۔

زرعی قوانین کے خلاف کسان تمل ناڈو سے دہلی تک نکالیں گے ’ٹریکٹر ریلی‘

دہلی بارڈر پر کسانوں کا احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔ اس درمیان تمل ناڈو کے کسانوں نے غازی پور بارڈر پر اعلان کیا ہے کہ وہ اور ان کے ساتھ جلد ہی مودی حکومت کے ذریعہ پاس کردہ زرعی قوانین کے خلاف تمل ناڈو سے دہلی تک ٹریکٹر ریلی نکالیں گے۔