دو سال بعد 27 مارچ سے پھر شروع ہوں گی ہندوستان سے آنے جانے والی سبھی بین الاقوامی پروازیں
03:04PM Tue 8 Mar, 2022
نئی دہلی : ہندوستان میں طے شدہ بین الاقوامی مسافر پروازیں دو سال بعد 27 مارچ سے ایک بار پھر شروع ہوں گی۔ شہری ہوا بازی کی وزارت نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے کہا کہ حکومت ہند نے 27 مارچ سے ہندوستان کیلئے اور یہاں سے طے شدہ کمرشیل بین الاقوامی مسافر خدمات کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی وزارت نے کہا کہ بین الاقوامی آپریشنز بین الاقوامی سفر کے لیے وزارت صحت کے رہنما اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہونے کے پابند ہوں گے۔ اس سے قبل 19 جنوری اور پھر 28 فروری کو ملک میں طے شدہ بین الاقوامی مسافر پروازوں کی معطلی کو "اگلے احکامات تک" بڑھا دیا گیا تھا۔
وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے اس کے لیے ایک بیان جاری کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ویکسینیشن کی بڑھتی ہوئی رفتار کے پیش نظر، اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد حکومت ہند نے 27 مارچ سے ہندوستان کے لیے طے شدہ کمرشیل بین الاقوامی مسافروں کی خدمات کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہندوستان میں طے شدہ بین الاقوامی مسافر پروازیں 23 مارچ 2020 سے کورونا وائرس وبائی امراض کے پھیلنے کے بعد سے معطل ہیں۔ حالانکہ اس کے بعد بنائے گئے ایئر ببل انتظامات کے تحت جولائی 2020 سے ہندوستان اور تقریباً 45 ممالک کے درمیان خصوصی مسافر پروازیں چل رہی ہیں۔