سول سروسز امتحان میں 27 مسلم امیدوار کامیاب، صدف کو ملک بھر میں 23 واں مقام حاصل

11:56AM Sat 25 Sep, 2021

نئی دہلی: ملک کے سب سے اہم قرار دیئے جانے والے یو پی ایس سی کے سول سروسز امتحان کے نتائج جاری کر دیئے گئے ہیں۔ اس مرتبہ مسلم طبقہ سے تعلق رکھنے والے کل 27 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے، جن میں سے 7 خواتین شامل ہیں۔ امروہہ سے تعلق رکھنے والی صدف چودھری نے کمال کرتے ہوئے 23 واں مقام حاصل کیا ہے۔ صدف کے والد بینک منیجر ہیں اور وہ کچھ مہینے پہلے اتراکھنڈ کے روڑکی میں آباد ہو گئے ہیں۔ صدف کی کامیابی اس لیے بھی مثال بن گئی ہے کہ انہوں نے اس امتحان کے لئے کوئی کوچنگ نہیں لی اور گھر میں رہتے ہوئے ہی تمام تیاری کی۔ صدف اب انڈین فارن سروسز (آئی ایف ایس) میں شامل ہونا چاہتی ہیں۔
سول سروسز امتحان میں پاس ہونے والے 761 امیدواروں میں سے 27 امیدوار مسلمان ہیں۔ خیال رہے کہ اس سال سول سروسز امتحان پاس کرنے والے مسلم امیدواروں کی تعداد میں کمی آئی ہے، کیونکہ 2019 میں 44 مسلم امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی۔ صدف چودھری نے ملک بھر میں میں 23واں اور مسلم امیدواروں میں اول مقام حاصل کیا ہے۔
اس کے علاوہ سول سروسز 2020 میں ملک بھر سے 761 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جن میں 545 مرد اور 216 خواتین شامل ہیں۔ شبھم کمار نے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ جبکہ جاگرتی اوستھی اور انکیتا جین بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر رہیں۔