کرناٹک : اقلیتوں کے بجٹ میں اضافہ کا اعلان ، اب 2500 کروڑ روپے ہوا بجٹ

03:54PM Thu 12 Jul, 2018

بنگلورو : کرناٹک کے وزیراعلی کمارسوامی نے آخرکار اقلیتوں کے بجٹ میں اضافہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیراعلی نے اسمبلی کے اجلاس میں اس بات کا اعلان کیا ۔ بجٹ پراپنا جواب پیش کرتے ہوئے کمارسوامی نے کہاکہ اقلیتی محکمہ کے موجودہ بجٹ میں230کروڑروپے کا اضافہ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی محکمہ کے موجودہ بجٹ کو2270کروڑسے بڑھا 2500 کروڑ کیا جائے گا۔ وزیراعلی نے واضح کیاکہ ان کی حکومت اقلیتوں کے خلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا اقلیتوں میں حکومت کے سلسلہ میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہئے۔ خیال رہے کہ حال ہی میں پیش کئے گئے بجٹ میں وزیراعلی کمارسوامی نے اقلیتوں کا تذکرہ تک نہیں کیاتھا، جس کے بعد اقلیتوں میں زبردست مایوسی دیکھنے کومل رہی تھی۔ لیکن آج وزیراعلی نے وضاحت پیش کرتے ہوئے اقلیتوں کے بجٹ میں اضافہ کا اعلان کیا۔