مانسون سیشن کے پہلے دن آئی بڑی خبر: ایم پی آننت کمار ہیگڈے سمیت 25 اراکین پارلیمینٹ کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو
11:36AM Mon 14 Sep, 2020
نئی دہلی: کووڈ-19 کا قہر اس وقت ملک میں اپنے عروج پر چل رہا ہے۔ اسی ضمن میں پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے پہلے دن بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ اس میں اتر کینرا ضلع کے ایم پی آننت کمار ہیگڈے سمیت 25 اراکین پارلیمنٹ کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ مانسون اجلاس کو لے کر کافی تیاریاں کی گئی ہیں۔ نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین وینکیا نائیڈو اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے سبھی تیاریوں کا جائزہ خود لیا تھا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، مانسون اجلاس کے پہلے دن دونوں ایوانوں کے 25 اراکین پارلیمنٹ کا کووڈ ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ان میں 17 اراکین پارلیمنٹ لوک سبھا کے اور 8 اراکین راجیہ سبھا کے ہیں۔ لوک سبھا کے متاثر اراکین پارلیمنٹ میں 12 بی جے پی، 2 وائی آر ایس کانگریس اور شیو سینا، ڈی ایم کے، آرایل پی کے 1-1 رکن پارلیمنٹ ہیں۔
پارلیمنٹ کے اندر ایک ساتھ اتنے اراکین کے کورونا پازیٹیو پائے جانے پر ایک خوف کا ماحول بنا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے اس سیشن میں خصوصی سماجی فاصلہ (Special Social Distancing) کے ضوابط پر عمل کیا جارہا ہے۔
17 MPs, including Meenakshi Lekhi, Anant Kumar Hegde and Parvesh Sahib Singh, test positive for #COVID19. pic.twitter.com/sZjNbR7fCg
— ANI (@ANI) September 14, 2020
دہلی سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرویش ورما نے کورونا ٹسٹ رپورٹ پازیٹیو آنے کی خبر اپنے ٹوئٹر وال پر بھی دی ہے۔ انہوں نے لکھا- ’لوک سبھا سیشن سے پہلے میں نے ٹسٹ کروایا اور رپورٹ پازیٹیو آئی ہے۔ میری طبیعت پوری طرح سے ٹھیک ہے، کوئی بھی علامت نہیں ہے۔ برائے مہربانی آپ میں سے جو بھی لوگ گزشتہ کچھ دنوں سے میرے رابطے میں آئےہیں، وہ خود کو آئیسولیٹ کرکے اپنی جانچ کروائیں’۔