کرناٹک: ریاستی کابینہ کی توسیع، منکال وئیدیا سمیت 24 اراکین اسمبلی نے وزارتی عہدہ کا لیا حلف
04:06PM Sat 27 May, 2023

کرناٹک میں کانگریس حکومت بننے کے ایک ہفتہ بعد آج کابینہ کی توسیع کا عمل انجام پایا۔ 27 مئی کو 24 نئے اراکین اسمبلی نے عہدۂ وزارت کا حلف لیا۔ 20 مئی کو وزیر اعلیٰ سدارمیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار سمیت 10 وزراء نے عہدہ اور رازداری کا حلف لیا تھا، اس طرح اب مجموعی طور پر کرناٹک حکومت میں 34 وزراء ہو گئے ہیں۔
آج ہوئی حلف برداری کو لے کر سبھی طرح کی تیاریاں پہلے ہی مکمل کر لی گئی تھیں اور اس سے قبل 26 مئی کو وزیر اعلیٰ سدارمیا کے ساتھ ساتھ نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے دہلی میں سابق کانگریس صدر سونیا گاندھی و راہل گاندھی سے ملاقات بھی کی تھی۔ آج ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر ایشور کھنڈرے اور ریاستی کانگریس کے سابق صدر دنیش گنڈو راؤ نے وزارتی عہدہ کا حلف لیا۔ ان کے علاوہ سینئر لیڈر ایچ کے پاٹل، کرشن بائریگوڑا، این چیلوورائے سوامی، کے ونکٹیش اور رحیم خان کو بھی وزیر بنایا گیا ہے۔
آج جن 24 لیڈروں کو وزارتی عہدہ کا حلف دلایا گیا ہے ان میں 6 لنگایت، 4 ووکالیگا، 3 درج فہرست ذات، 2 درج فہرست قبائل اور 5 کروبا، راجو، مراٹھا و موگاویرا طبقہ سے لیے گئے ہیں۔ اسے دیکھ کر لگتا ہے کہ کانگریس لوک سبھا انتخاب سے قبل کسی بھی طبقہ کو مایوس نہیں کرنا چاہتی۔ ذاتوں کے علاوہ کانگریس نے کچھ خاص علاقوں کو بھی خوش کرنے کی کوشش کی ہے۔ مثلاً حکومت میں قدیم میسور اور کلیان کرناٹک علاقہ سے 7-7 اراکین اسمبلی کو وزیر بنایا گیا ہے۔ اسی طرح کتور علاقہ سے 6 اور وسط کرناٹک سے 2 اراکین اسمبلی وزراء بنائے گئے ہیں۔
ان لیڈروں میں دنیش گنڈوراؤ، شرنباسپا درشنا پور، ایچ کے پاٹل، کرشنا بائرے گوڑا، این چیلوواریا سوامی، کے وینکٹیش، شیوانند پاٹل، ٹمما پور راماپا بالپا، ایس ایس ملیکارجنا، تنگدگی شیوراج سنگپا، ڈاکٹر ایچ سی مہادیوپا، ایشور کھنڈرے، شارپرانا، راجپپا، کے ونکٹیش، ڈاکٹر ایچ سی مہادیوپا شامل ہیں۔ پاٹل، سنتوش ایس لاڈ، این ایس بوس راجو، سریش بی ایس، مدھو بنگارپا، ڈاکٹر ایم سی سدھاکر، منکال ویدیا، لکشمی آر ہیبالکر، رحیم خان، ڈی سدھاکر اور بی ناگیندرنےبھی حلف لیا۔
بتاتے چلیں کہ سوشیل میڈیا پر وزارتی عہدہ کی لسٹ وائرل ہورہی ہے جس میں اس بات کا تذکرہ ہے کہ کس وزیر کو کونسا قلمدان دیا گیا ہے، مگر اس لسٹ کو لے کر میڈیا میں خبریں آرہی ہیں کہ کانگریس کی طرف سے نے ابھی تک قلمدانوں کو لے کر حتمی لسٹ جاری نہیں کی گئی ہے۔ بنگلور میں سدرامیا نے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قلمدانوں کی حتمی لسٹ کل اتوار کو جاری کی جائے گی۔