ملک میں کورونا روز بنا رہا ریکارڈ، 24 گھنٹے میں آئے 34،884 نئے معاملے، 671 لوگوں کی موت
01:46PM Sat 18 Jul, 2020
نئی دہلی۔ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاو عروج پر ہے اور گذشتہ تین دن سے مسلسل 30،000 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 10.38 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس سے قبل جمعرات کو 32،695 اور جمعہ کو 34،956 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 34،884 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 10،38،716 تک پہنچ گئی ہے۔ مرنے والوں کی تعداد 671 سے بڑھ کر 26،273 ہوگئی ہے۔ ملک میں اب تک مجموعی طور پر 6،53،751 مریض جان لیوا وبا سے شفایاب ہوچکے ہیں ۔ ملک میں میں کوروناوائرس کے 3،58،692 فعال کیسز ہیں۔
ہندوستان دنیا میں تیسرا ملک ہے جس نے کورونا متاثرین کی دس لاکھ کی تعداد کو عبور کیا ہے۔ پہلے نمبر پر امریکہ ہے جہاں سب سے زیادہ تعداد 36،41،539 ہے جبکہ دوسرے نمبر پر برازیل میں 20،46،328 وبائی مریض ہیں۔ نئے کیسز کے مقابلے صحت مند مریضوں کی زیادہ تعداد کے باعث قومی دارالحکومت دہلی میں صورتحال بہتر ہوتی نظر آ رہی ہے ، لیکن مہاراشٹر ، تمل ناڈو ، کرناٹک ، تلنگانہ ، آندھرا پردیش ، اترپردیش ، گجرات اور مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ ملک میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر جہاں مریضوں کی مجموعی تعداد 2.92 لاکھ ہوگئی ہے۔
تمل ناڈو میں 1.60 لاکھ اور دہلی میں 1.20 لاکھ سے زائد متاثرین ہو چکے ہیں وہیں کرںاٹک 55 ہزار سے زیادہ کیسز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ مختلف ریاستوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صورتحال پر نظر ڈالیں تو سب زیادہ متاثر مہاراشٹر میں 8308 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 258 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 2،92،589 ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11،452 ، جبکہ 1،60،357 افراد وائرس سے شفایاب ہوئے ہیں۔ اس عرصہ میں ریاست تمل ناڈومیں 4518 کیسزرپورٹ ہوئے اور 79 افراد کی موت ہوئی ، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 1،60،907 اور مرنے والوں کی تعداد 2315 ہوگئی۔ ریاست میں 1،10،807 افراد کو مختلف اسپتالوں سے فارغ کیا گیا ہے۔
قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وبا کی حالت اب کچھ قابو میں ہے اور کورونا کے کیسز میں اضافے کی شرح میں قدرے کمی آئی ہے۔ دارالحکومت میں کورونا سے اب تک 1،20،107 افراد متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 3571 ہوگئی ہے۔ اب تک 99،301 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ جنوبی ہندوستان کی ریاست کرناٹک متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے گجرات کو پیچھے چھوڑ کر چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔ ریاست میں 55،115 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں اور اس وبا سے ابتک 1147 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ، جبکہ 20،757 مریض جان لیوا وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔ ملک کی مغربی ریاست گجرات کورونا وائرس متاثرین کے لحاظ سے پانچویں نمبر پر ہے ، لیکن ہلاک شدگان کی تعداد کے لحاظ سے یہ مہاراشٹر ، دہلی اور تمل ناڈو کے بعد چوتھے نمبر پر ہے۔ گجرات میں 46،430 افراد اس وائرس سے متاثر اور 2106 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاست میں 32،973 افراد اس مہلک وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔
آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک کورونا وائرس کے 45،163 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس وبا سے 1084 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 27،634 مریض ٹھیک ہوئے ہیں۔ہندوستان کی ایک اور جنوبی ریاست تلنگانہ میں بھی کورونا وائرس کے کیسزبہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ تلنگانہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 42،496 ہوگئی ہے اور 403 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ اب تک 28،705 افراد اس وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔ آندھرا پردیش میں متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے وہ سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں کی فہرست میں مغربی بنگال سے آگے نکل گیا ہے۔ ریاست میں 40،646 افراد متاثر ہوئے ہیں اور ہلاک شدگان کی تعداد 534 ہوگئی ہے جبکہ20،298 افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔
مغربی بنگال میں 38،011 افرادکورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 1049 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ، جبکہ اب تک 22،253 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔ راجستھان میں بھی کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 27،789 تک جا پہنچی ہے اور اب تک 546 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ، جبکہ 20،626 افراد پوری طرح سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ ہریانہ میں 24،797 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 327 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں 697 ، پنجاب میں 239 ، جموں و کشمیر میں 231 ، بہار میں 201 ، اوڈیشہ میں 83 ، اتراکھنڈ اور آسام میں 51-51 ، جھارکھنڈ میں 46 ، کیرالہ میں 38 ، پڈوچیری میں 25 ، چھتیس گڑھ میں 23، گوا میں 21 ، ہماچل پردیش اور چنڈی گڑھ میں 11۔11 ، اروناچل پردیش اور تری پورہ میں تین تین ، میگھالیہ میں دو ، دادرا اور نگر حویلی اور دمن و دیو میں دو اور لداخ میں ایک شخص کی کوروناوائرس سے موت ہوچکی ہے۔