کورونا وائرس نے توڑے سارے ریکارڈ ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 32695 نئے معاملات ، 606 اموات
06:32AM Thu 16 Jul, 2020
کورونا وائرس کے معاملات میں ہر دن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق بدھ کی صبح آٹھ بجے سے جمعرات کی صبح آٹھ بجے تک 32,695 نئے معاملات درج کئے گئے ۔ ایک دن میں اب تک سب سے زیادہ مریض گزشتہ 24 گھنٹوں میں پائے گئے ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 606 کورونا متاثرین کی موت بھی ہوئی ہے ۔ وہیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 20,783 افراد کو ڈسچارج کیا گیا ہے ۔ ملک میں فی الحال تین لاکھ 31 ہزار 146 ایکٹیو کیسیز ہیں ۔ اب تک چھ لاکھ بارہ ہزار 814 افراد ڈسچارج ہوئے ہیں اور 24 ہزار 915 اموات ہوئی ہیں ۔
تازہ اعداد و شمار کے بعد ملک میں فی الحال شفایاب ہونے والوں کی شرح 63.2 فیصد ہوگئی ہے ۔ وہیں قومی راجدھانی دہلی میں شفا یابی کی شرح 81.8 فیصد ہے ، جو ملک کے اوسط سے 25 فیصد زیادہ ہے ۔ ریاست میں اموات کی شرح تین فیصد ہے ۔ جمعرات کو جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق تمل ناڈو میں کل ڈیڑھ لاکھ معاملات سامنے آچکے ہیں ، جس میں سے ایک لاکھ لوگ ٹھیک ہوچکے ہیں ۔
کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 7,975 معاملات سامنے آئے ہیں ، جس کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر دو لاکھ 75 ہزار 640 ہوگئی ہے ۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 233 اموات کے ساتھ ہی ریاست میں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار 928 ہوگئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہوئی 233 اموات میں سے 62 اموات ممبئی میں ہوئی ہیں ۔
ادھر تمل ناڈو میں بدھ کو کورونا وائرس کے 4,496 معاملات سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 51 ہزار 820 ہوگئی ہے ۔ ریاست میں مسلسل چوتھے دن چار ہزار سے زیادہ معاملات سامنے آئے ہیں ۔ حالانکہ بدھ کو پانچ ہزار مریضوں کو ڈسچارج کئے جانے کے بعد تھوڑی راحت ملی ہے ۔ ریاست میں ٹھیک ہوچکے لوگوں کی تعداد اب 1.02 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے ۔
اترپردیش میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 29 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ کورونا کے 1685 معاملات سامنے آئے ہیں ۔