کورونا وائرس : ملک میں 24 گھنٹوں میں 2487 نئے کیس ، 83 لوگوں کی موت ، متاثرین کی تعداد 40 ہزار سے متجاوز
03:49PM Sun 3 May, 2020
ملک میں کورونا وائرس ( کووڈ 19 ) کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ہفتہ کے روز شام سے اتوار تک ریکارڈ 2487 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی ملک میں متاثرین کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کر گئی ۔ اس کے سبب مزید 83 افراد کی موت ہونے کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 1306 ہو گئی ہے ۔
ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک کل 40263 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے ۔ جن میں 111 غیر ملکی مریض ہیں ۔ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے صحتیاب ہونے کے معاملہ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا متاثر869 افراد کے صحتیاب ہونے کے ساتھ ہی ٹھیک ہونے والوں کی تعداد 10887 پہنچ چکی ہے ۔ ملک میں فی الحال 28070 فعال کیسز ہیں ۔
وزارت صحت کی جانب سے اتوار کی شام پانچ بجے جاری اعداد و شمار کے مطابق وائرس سے سب سے زیادہ سنگین طور پر متاثر مہاراشٹر کی صورتحال میں کوئی بہتری نظر نہیں آرہی ہے اور گذشتہ ایک دن کے اندر 790 کیسز کے بعد ریاست میں متاثرین کی تعداد 12296 ہو گئی ہے اور اس دوران مزید 36 افراد کی موت ہونے کے بعد یہاں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 521 ہو گئی ہے ۔ ریاست میں 2000 متاثر مریض ٹھیک ہوچکے ہیں ۔
مغربی ریاست گجرات میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 334 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی ہنوز متاثرین کی تعداد کے معاملہ میں دوسرے مقام پر قائم ہے ۔ گجرات میں متاثرین کی کل تعداد 5055 ہو گئی ہے اور 26 مزید اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 262 پر پہنچ گئی ہے ۔ ریاست میں صحتیاب ہونے کی تعداد بھی بڑھ کر 896 ہو گئی ہے ۔
اس کے بعد ملک کی قومی راجدھانی دہلی میں صورتحال تشویشناک ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 384 نئے کیسز درج کیے جانے کے بعد اب تک کل 4122 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں ۔ دہلی میں مزید تین متاثرین کی موت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 64 ہوگئی ہے ، جبکہ اب تک کل تعداد 1256 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔
کورونا وائرس سے شدید متاثر مدھیہ پردیش میں پچھلے 24 گھنٹوں میں وائرس کے 127 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر 2846 ہو گئی ہے ، جبکہ مرنے والوں کی تعداد 11 بڑھ کر 156 ہو گئی ہے ۔ ریاست میں 798 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں ۔ وہیں راجستھان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 106 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور ان کے اعداد و شمار بڑھ کر 2772 ہو گئے ہیں ۔ ریاست میں اس دوران مزید تین مریضوں کی موت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 65 ہو گئی ہے۔ ریاست میں 1121 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں ۔