23 ریاستوں اور 8 مرکز کے زیر انتظام خطوں نے سرکاری نوکریوں کیلئے ختم کیا انٹرویو

04:10PM Sun 11 Oct, 2020

مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے ہفتہ کو کہا کہ اب تک 23 ریاستوں اور 8 مرکز کے زیر انتظام خطوں میں سرکاری نوکریوں میں بھرتی کیلئے انٹرویو ختم کردیا گیا ہے ۔ منسٹری آف پرسونل کے ایک بیان کے مطابق جتیندر سنگھ نے کہا کہ 2016 کے بعد سے مرکزی حکومت میں گروپ بی ( نان گزیٹیڈ) اور گروپ سی کے عہدوں کیلئے انٹرویو کو ختم کردیا گیا ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ 2015 میں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے وزیر اعظم مودی نے انٹرویو کو ختم کرنے کا مشورہ دیا تھا اور تحریری امتحانات کی بنیاد پر نوکری میں سلیکشن کی بات کہی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے مشورہ پر عملہ اور ٹریننگ کے محکمہ نے کارروائی شروع کی اور تین مہینوں کے اندر یکم جنوری 2016 سے مرکزی حکومت میں بھرتی کیلئے انٹرویو کو ختم کرنے کا اعلان کرنے کا عمل پورا کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر اور گجرات جیسی کچھ ریاستیں ان قوانین کو نافذ کرنے کیلئے تیار تھیں ، لیکن کچھ دیگر ریاستیں اس کو ختم کرنے کی خواہشمند نہیں تھیں اور نوکریوں کیلئے انٹرویو کرانا چاہتی تھیں ۔
سنگھ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ریاستی حکومتوں کو کافی سمجھانے اور بار بار یاد دلانے کے بعد آج جموں و کشمیر اور لداخ سمیت ہندوستان کے سبھی آٹھ مرکز کے زیر انتظام خطوں اور ملک کی 28 ریاستوں میں سے 23 ریاستوں میں انٹرویو کرانا بند ہے ۔