ریاست میں 2200 مہمان لکچرارس کا تقرر جلد: دیش پانڈے

12:49PM Sun 29 Mar, 2015

بھٹکلیس نیوز/29مارچ،15 بنگلورو(ایجنسی)ریاستی وزیر برائے اعلیٰ تعلیمات آر وی دیش پانڈے نے ریاستی لیجسلیٹیو کونسل کو بتایاکہ ریاست بھر میں مختلف کالجوں میں لکچرارس کی اسامیوں کو پر کرنے کیلئے عمل شروع کیا جاچکا ہے۔ 2200مہمان لکچرارس کو عنقریب متعین کیا جائے گا۔ مہمان لکچرارس کے تقرر کے متعلق محکمہ مالیات کو تجویز پیش کی جاچکی ہے۔ منظوری ملتے ہی آن لائن بنیاد پر تقرر کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مہمان لکچرارس کی بھرتی کے مرحلے میں عمر کی جو پابندی ہے اس میں نرمی برتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2013 سے اب تک ریاست میں کہیں بھی مہمان لکچرارس کا تقرر نہیں ہوا ہے۔ فی الوقت ریاست کے سرکاری فرسٹ گریڈ کالجوں میں 12047 اور ایڈڈ کالجوں میں 2309 مہمان لکچرارس کام کررہے ہیں۔ یونیورسٹیوں میں گیسٹ لکچرارس کے تقرر کی قانوناً گنجائش نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ بچوں کو اعلیٰ معیاری تعلیم مل سکے ، اسی مقصد سے محکمہ اعلیٰ تعلیمات کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جارہاہے۔ طلبا کو اسمارٹ کارڈ، آڈیو ویڈیو طرز پر تعلیم اور مواصلاتی تعلیم کی سہولیات بہم کرانے پر توجہ دی جارہی ہے۔ جے ڈی ایس رکن ای کرشنپا کے سوال پر وزیر موصوف نے بتایاکہ 5 اپریل سے پہلے میڈیکل سیٹوںمیں داخلوں کیلئے سی ای ٹی امتحان کرانے کیلئے سپریم کورٹ نے ہدایت دی ہے، اور اس ہدایت کے مطابق ریاستی حکومت تیاریوں میں لگ گئی ہے۔ ع،ح،خ