اترکاشی میں بڑا حادثہ، بس کھائی میں گری، مدھیہ پردیش کے 22 تیرتھ یاتریوں کی موت

04:26PM Sun 5 Jun, 2022

دہرادون : اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع سے ایک بڑے حادثے کی خبر سامنے آئی ہے ۔ دراصل مدھیہ پردیش کے پننا ضلع کے 28 تیرتھ یاتریوں کو لے کر جارہی ایک بس اترکاشی کے ڈامٹا کے پاس کھائی میں گر گئی ۔ اس حادثہ کے بعد جائے واقعہ پر پہنچی پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے اب تک 22 لاشیں باہر نکال لی ہیں ۔ وہیں کچھ زخمیوں کو اسپتال بھجوایا گیا ہے ۔ یہ سبھی لوگ چار دھام یاترا کیلئے اتراکھنڈ آئے تھے ۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے ٹویٹ کیا کہ اترکاشی کے پرولا میں ڈامٹا کے پاس ایک یاتری بس کے حادثہ کا شکار ہونے کی خبر ملی ہے ۔ بھگوان مرنے والوں کی روحوں کو اپنے 'شری چرنوں' میں جگہ دے اور اہل خانہ کو یہ مصیبت برداشت کرنے کی طاقت دے ۔ ساتھ ہی میں سبھی زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں ۔ اطلاع کے موصول ہوتے ہی ضلع انتظامیہ کو تیزی سے راحت اور بچاو کام کیلئے ہدایت دیدی گئی ہے ۔ وہیں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹویٹ کیا کہ اتراکھنڈ میں عقیدتمندوں کی بس کے کھائی میں گرنے کی اطلاع انتہائی دکھ دینے والی ہے ۔ اس پر میں نے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی سے بات کی ہے ۔ انہون نے بتایا کہ مقامی انتظامیہ اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں بچاو کے کام میں لگی ہیں اور زخمیوں کو علاج کیلئے نزدیکی اسپتال لے جایا جارہا ہے ۔ جبکہ این ڈی آر ایف بھی جلد ہی وہاں پہنچ رہی ہے ۔