یوکرین سے 219 مسافروں کو لے کر ممبئی پہنچا ایئر انڈیا کا طیارہ ، BMC نے کئے خاص انتظامات

04:03PM Sat 26 Feb, 2022

نئی دہلی : ہندوستانی سرکار تیزی سے جنگ زدہ ملک یوکرین سے ہندوستانیوں کو واپس لانے کا کام کررہی ہے ۔ اس درمیان ہفتہ کو 219 لوگوں کو یوکرین سے نکالا گیا ۔ ایئر انڈیا کے طیارہ نے رومانیہ سے اڑان بھری تھی ۔ یوکرین میں پھنسے ہندوستان کا یہ پہلا گروپ ہے ، جس کو بحران زدہ ملک سے نکالا گیا ہے ۔ ایئر ٹریفک کنٹرول ذرائع کے مطابق شام 7.50 منٹ پر ایئر انڈیا کا طیارہ ممبئی ایئرپورٹ پر پہنچا۔ بتادیں کہ آج ہفتہ کو ایئر انڈیا کے طیارہ نے رومانیہ کی راجدھانی بخاریسٹ پہنچے ہندوستانی مسافروں میں سے 219 لوگوں کے ساتھ ہندوستان کیلئے دو پہر ایک بج کر 55 منٹ پر اڑان بھری تھی ۔ مرکزی وزیر ریل پیوش گوئل نے مسافروں کا ممبئی ایئر پورٹ پہنچ کر خیر مقدم کیا ۔
ہندوستانیوں کی واپسی کو لے کر ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر نے کہا کہ یہ ہمارے بچے ہیں جو اپنے وطن واپس آرہے ہیں ۔ بی ایم سی نے ان کی واپسی کیلئے تیاری پوری کرلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین سے آنے والے مسافر اگر کہیں بھی جانا چاہتے ہیں تو ان کا کورونا ٹیسٹ ، ٹیکہ کاری ، کھانے پینے کا پورا خرچ ہم برداشت کریں گے ۔ میئر نے کہا کہ آج جو مسافر یوکرین سے ممبئی آرہے ہیں ، انہیں بی ایم سی کی جانب سے مفت خدمات فراہم کرائی جائیں گی ۔ رومانیہ کی راجدھانی بخاریسٹ لائے گئے ہندوستانیوں نے سبھی کا اچھے سے خیال رکھنے کیلئے ہندوستانی افسران کی تعریف کی ۔