سری لنکا کی بحری فوج نے 21 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا
01:31PM Wed 2 Feb, 2022

کولمبو 2 فروری،2022 (ذرائع) سری لنکا کے سمندر میں غیر قانونی طور پر فشنگ کرنے والے 21 ہندوستانی ماہی گیروں کو سری لنکن بحریہ نے گرفتار کرلیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کی بحری فوج نے اپنے جزیرے کی حدود میں مچھلی کا غیر قانونی شکار کرنے والے دو بھارتی ٹرالروں کو واپس جانے کے لیے کہا لیکن بھارتی ماہی گیروں نے ان کی بات نہیں مانی۔
سری لنکا کی بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی ماہی گیروں کے ساتھ تصادم کے نتیجے میں ایک فاسٹ ٹیک کرافٹ کو نقصان پہنچا ہے تاہم بحری فوج نے بھارتی ٹرالرز کو ضبط کرکے 21 ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا۔
بیان میں تصادم کے نتیجے میں جانی نقصان ہونے سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا ہے البتہ سری لنکن بحریہ کے بقول بھارتی ٹرالرز ’’باٹم ٹرالنگ‘‘ کر رہے تھے جس کی سری لنکا میں پابندی ہے۔
بخیال رہے کہ ہندوستانی ماہی گیر سمندر کی ایک تنگ پٹی آبنائے پالک میں فشنگ کرتے ہیں۔ یہ علاقہ ہندوستان اور سری لنکا کے سمندری حدود کو تقسیم کرتا ہے۔