بڑی خبر: ریاست میں ویک اینڈ کرفیو کا کیا گیا اعلان۔ 21 اپریل سے 04 مئی تک ریاست بھر میں رہے گا نائٹ کرفیو
05:07PM Tue 20 Apr, 2021
بینگلورو: 20 اپریل، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست میں کورونا کی دوسری لہر کے بعد مریضوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافے کے سبب ریاستی حکومت نے ویک اینڈ کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے جو جمعہ کی رات 9 بجے سے شروع ہوکر پیر کی صبح 6 بجے تک رہے گا۔ جبکہ 21 اپریل سے 04 مئی تک رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک ریاست بھر میں نائٹ کرفیو نافذ رہے گا ۔
آج اس سلسلے میں ریاستی حکومت کے چیف سکریٹری نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ21 اپریل تا4 مئی تک اسکول کالجس اور ٹریننگ انسٹی ٹیویٹ بند رہیں گے جبکہ آن لائن پڑھائی کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح جم ہال،شادی ہال وغیرہ پر بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں،جلسے و جلوس،سیاسی و مذہبی تقار یبات پر بھی پابندی رہے گی۔
حکومت نے ریاست بھر میں تمام مذہبی مقامات وعبادت گاہوں کوبندرکھنے کے احکامات دئیے ہیں۔مساجد میں صرف مذہبی پیشواؤں یعنی امام ومؤذنین کو ہی نماز پڑھنے کی گنجائش رکھی گئی ہے ۔ عدالت کی سرگرمیوں کے تعلق سے کرناٹکا ہائی کورٹ کو فیصلہ لینے کے اختیارات دئیےگئے ہیں۔جبکہ یونیورسٹی سطح پر ہونے والے امتحانات کیلئے یونیورسٹی فیصلے لے سکتی ہے۔ہر دن رات9 بجے سے صبح6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا،جبکہ ویک اینڈ کرفیو میں جمعہ کی رات9بجے سے پیر کی صبح6 بجے تک کرفیو رہے گا اور اسے ویک اینڈ کرفیو کا نام دیاگیا ہے۔
اس کے علاوہ ہوٹلوں کو بھی صرف پارسل سرویس دینے کی گنجائش دی گئی ہے۔میڈیکل اسٹور،اسپتال اور دودھ کی ڈائری پرکرفیوکے احکامات نافذنہیں ہونگے۔اسی طرح سے پرنٹ میڈیااور الیکٹرانک میڈیابھی اس کرفیوسے الگ رہیں گے۔
حکومت نے تمام لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ کورونا کی احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کرتے ہیں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ماسک کا پہننا لازمی ہوگا، ماسک نہ پہننے والوں پر250 روپئے کا جرمانہ عائدکیاجائیگا۔