ریاست میں کورونا سے تین اموات کے ساتھ آج 204 نئے معاملات

02:48PM Thu 11 Jun, 2020

بینگلورو: 11 جون، 20  (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست میں کل بدھ کی شام سے آج جمعرات کی شام تک کورونا کوڈ 19 کے 204 معاملات سامنے آئے ہیں جبکہ اس دوران کورونا سے تین افراد کی موت بھی ہوچکی ہے۔ آج کے ان معاملات کے بعد ریاست میں اب تک کے کورونا مریضوں کی کل تعداد بڑھ کر 6245 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 2976 افراد صحت یاب ہوکر اسپتالوں سے فارغ ہوچکے ہیں اور 72 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ آج کے ان معاملات میں سے 157 افراد ایسے ہیں جو بیرون ریاست سے لوٹے تھے جن میں سے سب سے زیادہ تعداد مہاراشٹرا سے آنے والوں کی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری اطلاع کے مطابق آج یادگیر میں 66 نئے معاملات، اڈپی میں 22 نئے معاملات، بینگلور اربن میں 17 نئے معاملات، کلبرگی میں 16، رائچور میں 15، بیدر میں 14، شیموگہ میں 10، داوانگیرے میں 9، کولار میں 6 جبکہ میسور، رام نگر اور وجیا پور میں پانچ پانچ معاملات، باگلکوٹ اور اتر کینرا سے دو دو معاملات، بینگلور رورل، چکمگلورو اور کوپل سے ایک ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔ ریاست میں کورونا کے سب سے زیادہ معاملات اڈُپی میں سامنے آئے ہیں جہاں اب تک کورونا سے متاثر مریضوں کی تعداد 969 کو پہنچ گئی ہے اسی طرح کلبرگی 796 معاملات کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور یادگیر 735 معاملات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ اسی طرح صحت یاب ہوکر لوٹنے والوں میں بھی اڈپی ضلع سر فہرست ہے جہاں سے اب تک کورونا کے 349 مریض صحت یاب ہوکر لوٹ چکے ہیں۔