مودی ہی بنیں گے 2024 کے بعد بھی وزیراعظم، ان کی قیادت میں ہی ہوگا کشمیرمسئلہ کا حل: امت شاہ
01:14PM Mon 25 Feb, 2019
Share:
بی جے پی کے قومی صدرامت شاہ نے لوک سبھا الیکشن سے قبل بڑا بیان دیتے ہوئےکہا ہے کہ 2019 کے بعد ہی نہیں بلکہ 2024 لوک سبھا الیکشن کے بعد بھی نریندرمودی ہی وزیر اعظم بنیں گے۔
امت شاہ نے اے بی پی نیوزسے بات چیت کرتے ہوئےکہا کہ 2019 میں این ڈی اے 2014 سے بہترکارکردگی پیش کرے اور2024 کے بعد مودی ہی وزیراعظم عہدہ پرہوں گے۔ امت شاہ نے کشمیرتنازعہ پربھی بڑا بیان دیا، ان کےمطابق نریندرمودی کی مضبوط قیادت میں ہی کشمیرتنازعہ حل ہوگا۔
پلوامہ دہشت گردانہ حملہ سے پورے ملک میں زبردست ناراضگی ہے اوراس پرامت شاہ نے مودی حکومت کی حکمت عملی سامنے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک جنگ کی طرح ہے، لیکن ضروری نہیں کہ اس کا جواب جنگ سے ہی دیا جائے۔ صحیح حکمت عملی کے ذریعہ بھی دہشت گردی کا علاج ممکن ہے۔
ساتھ ہی امت شاہ نے کرکٹ عالمی کپ میں پاکستان کوباہرکرنےکےمطالبہ کے موضوع پر بھی اپنی رائے پیش کی۔ انہوں نے بیان دیا کہ ملک کی عوام کے جذبات حکومت کے پاس پہنچے ہیں۔ حکومت مناسب وقت پرفیصلہ کرے گی۔ ایک راستہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ پاکستان کوعالمی کپ میں کھیلنے ہی نہ دیں۔