صدر جمہوریہ انتخابات 2022: دروپدی مرمو کا ساتھ دے گی شیو سینا! سنجے راوت نےکہا- یہ بی جے پی کی حمایت کرنا نہیں

12:32PM Tue 12 Jul, 2022

ممبئی: مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ کی کرسی گنوانے کے بعد ادھو ٹھاکرے کے بی جے پی سے رشتے بھلے ہی اور تلخ ہوگئے ہوں، لیکن آئندہ صدارتی الیکشن میں این ڈی اے امیدوار دروپدی مرمو کی حمایت کو لے کر پارٹی راضی ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے۔  ذرائع کے حوالے سے پتہ چلا ہے کہ ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا کی کور کمیٹی نے دروپدی مرمو کی حمایت کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وہیں، شیو سینا کے سینئر لیڈر سنجے راوت نے اے این آئی سے کہا ہے کہ دروپدی مرمو کو حمایت کرنے کا مطلب بی جے پی کی حمایت کرنا نہیں ہے۔ سنجے راوت نے نیوز ایجنسی اے این آئی سے کہا کہ ہم نے کل میٹنگ میں دروپدی مرمو کے مسئلے پر غوروخوض کیا… شیو سینا کا رخ ایک دو دن میں واضح ہوجائے گا۔ دروپدی مرمو کے مسئلے پر پارٹی صدر ادھو ٹھاکرے فیصلہ لیں گے۔ دروپدی مرمو کو حمایت کرنے کا مطلب بی جے پی کی حمایت کرنا نہیں ہے۔ سنجے راوت نے کہا کہ اپوزیشن زندہ رہنا چاہئے۔ اپوزیشن کے امیدوار یشونت سنہا کے تئیں بھی ہماری خیر سگالی ہے…۔ پہلے ہم نے پرتبھا پاٹل کی حمایت کی تھی… این ڈی اے امیدوار کی نہیں۔ ہم نے پرنب مکھرجی کی بھی حمایت کی۔ شیو سینا کوئی بھی فیصلہ دباو میں نہیں لیتی۔
واضح رہے کہ پارٹی کے 18 میں سے 16 اراکین پارلیمنٹ کہہ چکے ہیں کہ شیو سینا کو این ڈی اے امیدوار دروپدی مرمو کی حمایت کرنی چاہئے۔ شیو سینا کے اراکین پارلیمنٹ نے ادھو ٹھاکرے کے گھر پر ہوئی میٹنگ میں ‘گزارش‘ کی تھی کہ وہ صدر جمہوریہ انتخابات میں دروپدی مرمو کی حمایت کریں۔ انہوں نے باغی لیڈر ایکناتھ شندے اور بی جے پی کے ساتھ ممکنہ پیچ اپ کے لئے اپنے دروازے کھلے رکھنے کی بھی گزارش کی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ صدر جمہوریہ انتخابات کے لئے ووٹنگ 18 جولائی کو ہونی ہے۔ اس کے لئے پارٹی کی طرف سے کوئی وہپ جاری نہیں کی جاتی۔ اراکین پارلیمنٹ جسے چاہیں، اسے ووٹ دے سکتے ہیں۔ شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ گجانن کیرتیکر نے میڈیا سے کہا تھا کہ پارٹی کے 16 اراکین پارلیمنٹ کے درمیان اتفاق رائے بنا ہے کہ دروپدی مرمو کی حمایت کرنی چاہئے کیونکہ وہ قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی خاتون ہیں۔ ہم نے ادھو ٹھاکرے جی کے سامنے اپنی بات رکھی ہے۔ انہوں نے ایک دو دن میں اپنا فیصلہ بتانے کے لئے کہا ہے۔