سال 2021 کے لیے ہیلتھ کارڈ کا اجراء: ہیلتھ کارڈ دکھانے پر مریضوں کو ملے گی پچاس فیصد تک کی چھوٹ
02:02PM Sat 25 Sep, 2021

بھٹکل: 23 ستمبر،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کے ایم سی اسپتال کی کسی بھی شاخ میں منی پال ہیلتھ کارڈ دکھانے پر پچیس سے پچاس فیصد تک رعایت دی جائے گی اس بات کا اعلان منی پال اکیڈمی آف ہائیر ایجوکیشن پرو چانسلر ڈاکٹر ایچ ایس بلّال نے بھٹکل میں منعقد اخباری کانفرنس میں کیا وہ منی پال ہیلتھ کارڈ 2021 کا اجراء کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سماج کا ہر طبقہ ہماری کوالٹی ہیلتھ کئیر کا فائدہ اُٹھائےاور اس کی وجہ سے مڈل کلاس سمیت غریب طبقہ بھی اپنا علاج کراسکے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے KMC کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹ ڈاکٹر اویناش شٹی نے بتایا کہ منی پال آروگیہ کارڈ (یعنی ہیلتھ کارڈ) کے ذریعے عوام بالکل ہی کم لاگت پر بہترین علاج معالجہ کراسکتے ہیں۔ آگے بتایا کہ چھوٹی سی قیمت دے کر کوئی بھی یہ ہیلتھ کارڈ خرید سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہیلتھ کارڈ خریدنے پر آوٹ پیشنٹوں کو سوپر اسپیشالٹی ڈاکٹروں سمیت ماہر ڈاکٹروں کو کنسلٹ کرنے پر پچاس فیصد تک رعایت دی جائے گی، لیباریٹری اور مرض کی تشخیص کرنے کے دیگر جانچ پر 30 فیصد رعایت ، ریڈیولوجی پر 20 فیصد، اسپتال کے فارمیسی سے دوائیں خریدنے پر 20 فیصد اور اسپتال کے جنرل وارڈ کے اِن پیشنٹ کے بل پر 25 فیصدتک رعایت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ بھی انہوں نے اس کارڈ کے دیگر فوائد گنوائے۔
ڈاکٹر اویناش شٹی نے بتایا کہ یہ تمام سہولیات ساحلی کرناٹکا اور گوا میں موجود منی پال گروپ اسپتالس میں فراہم کرائی گئی ہیں جس میں منی پال KMC، ڈاکٹر ٹی ایم اے پائی اسپتال اُڈپی، کارکلاسمیت مینگلور جیوتی سرکل پر واقع کے ایم سی اسپتال اور عطّاور کے ایم سی اسپتال اور دیگر ڈینٹل کالجس وغیرہ بھی شامل ہیں۔
منی پال آروگیہ کارڈ 2021 حاصل کرنے یا مزیدمعلومات کے لئے بھٹکل میں سینٹ ملاگریس سوھاردا دفتر ( 9538894590) پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
پریس کانفرنس میں کستوربا اسپتال (کے ایم سی) منی پال کے ڈپٹی مینجر موہن شٹی، مارکیٹنگ ایکزی کیٹیو راجیندرا نائک وغیرہ بھی موجود تھے۔
