حج 2019: سعودی محکمہ صحت نے بلڈ بینک اور لیبارٹریز قائم کیں

03:53PM Mon 29 Jul, 2019

سعودی عرب کی وزارت صحت کی طرف سے عازمین حج کی ہرممکن طبی امداد کو یقینی بنانے کے لیے مشاعر مقدسہ بالخصوص منیٰ اور عرفات میں بلڈ بینک قائم کیے گئے ہیں۔ اس کےعلاوہ تمام نوعیت کے ٹیسٹوں کی سہولت کے لیے 16 لیبارٹریز قائم کی گئی ہیں جہاں ہر دن رات طبی عملہ حجاج کرام کی خدمت پرمامور ہوگا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق عازمین حج کی خدمت کے لیے سعودی وزارت صحت کی طرف سے قائم کردہ 8 تجربہ گاہوں کو آپریشنل حالت میں لانے کے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی شہریوں کے تعاون سے 8 بلڈ بنک قائم کیے گئے ہیں۔ ان تجربہ گاہوں پر سعودی عرب کے ماہر ڈاکٹر تعینات کیے گئے ہیں جو پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ اللہ کےمہمانوں کی خدت کےجذبے سے بھی سرشارہیں۔
سعودی وزارت صحت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عازمین حج کی ہنگامی ضرورت کے لیے قائم کی گئی لیبارٹریز اور بلڈ بینک کی سرپرستی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کمیٹی میں موجود افراد عازمین حج کے طبی ٹیسٹوں کی تیاری اور ان کے نتائج کے بعد ان کی رپورٹس مرتب کرنے میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔ (بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)