ضمنی انتخابات نتائج خوش آئند 2019 چناؤ کیلئے کانگریس ۔جے ڈی ایس متحد

01:33PM Thu 8 Nov, 2018

بنگلورو۔8نومبر(نامہ نگار) ریاست کرناٹک کے پانچ حلقوں میں ہوئے ضمنی انتخابات میں کانگریس اور جے ڈی ایس کی بھاری جیت سے خوش ریاستی وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی اور کے پی سی سی صدر دنیش گنڈوراؤ نے کہاکہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات بھی دونوں پارٹیاں بی جے پی کے خلاف ایک ساتھ مل کر لڑیں گی ۔ دونوں لیڈروں نے اس کامیابی کا کریڈٹ کانگریس ۔جے ڈی ایس اتحاد کی پالیسیوں کو دیا ہے ۔ پرسوں بروزہفتہ ریاست کے تین لوک سبھا اور دو اسمبلی حلقوں میں ہوئے ضمنی انتخابات میں دو اتحادیوں نے دو لوک سبھا اور دو اسمبلی سیٹوں پر قبضہ کرلیا ہے ۔جے ڈی ایس اور کانگریس کی مخلوط حکومت کی تائید کرنے پر کمارسوامی نے عوام کا شکریہ ادا کیا اورکہاکہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بھی دونوں پارٹیاں تمام 28 سیٹوں پر مل کر الیکشن لڑیں گی ۔ انہوں نے یہ اعلان کیا ہے کہ ہم 2019 کا لوک سبھا الیکشن ساتھ مل کر لڑیں گے ۔جس کیلئے متحدہ حکمت عملی تیارکی جائے گی۔ کمارسوامی نے بتایا کہ ہماری حکومت نے عوام کی فلاح وبہبودی کیلئے کئی اہم اقدامات کئے ہیں جو بہت جلد نافذ العمل ہوں گے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان اقدامات کے نفاذ سے سماج کے تمام طبقات کو فائدہ ضرور پہنچے گا ۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ عوام کو مخلوط حکومت کی پالیسیاں پسند آئی ہیں ۔ چاہے وہ زرعی قرضہ معافی ہویا سڑک پر ٹھیلے لگانے والوں کی مالی مدد ہو۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس مرتبہ عوام نے بی جے پی کی تقسیم کی سیاست اور آمریت والے رجحان کو مسترد کردیا ہے ۔دنیش گنڈوراؤ نے بھی تصدیق کی کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات ہم مل کر لڑیں گے ۔بی جے پی پر انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی ایک ذمہ دار اپوزیشن کے طورپر اپنے فرائض بھول چکی ہے ۔ راؤ نے مزید کہاکہ اقتدار کی بھوکی بی جے پی اپوزیشن پارٹی کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری ادانہیں کررہی ہے ۔ بی جے پی نے اخلاقی اقدار کو نظرانداز کیا ہے جس کی وجہ سے انہیں چار حلقوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔جبکہ شیموگہ میں ان کی جیت کا فرق بہت کم رہا۔ رام نگرم اسمبلی حلقہ میں بھاری اکثریت سے جیت درج کرنے والی انیتا کمار سوامی نے اس جیت کا کریڈٹ اپنے شوہر وزیراعلیٰ کمارسوامی ان کے خسر اور سابق وزیر اعظم دیوے گوڈا اورکانگریس لیڈر کی مسلسل کاوشوں کو دیا ہے ۔