اپوزیشن متحد ہوجائے تو 2019 میں وارانسی کی سیٹ بھی نہیں بچا پائیں گے وزیر اعظم مودی : راہل گاندھی
03:39PM Sun 8 Apr, 2018
Share:
بنگلورو : کانگریس صدر راہل گاندھی نے اتوار کو بنگلور و میں کہا کہ اگر اپوزیشن کی سبھی پارٹیاں متحد ہوجائیں تو 2019 کے عام انتخابات میں بی جے پی کی شکست یقینی ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد پر اپنا اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ اگر بی جے پی کے خلاف ایس پی اور بی ایس پی متحد ہوگئی تو مودی اپنی وارانسی کی سیٹ بھی ہار سکتے ہیں۔
مختلف نجی اور علاقائی خواہشات کے باوجود اتحاد بنانے اور اسے سنبھالنے کے تئیں راہل گاندھی نے اعتماد کا اظہار کیا ۔ دلتوں کی ناراضگی پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں واضح طور پر کہتا ہوں کہ مجھے نہیں لگ رہا ہے کہ بی جے پی اگلا الیکشن جیتے گی ۔
راہل گاندھی نے میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں کہا کہ کیونکہ دو چیزیں ہیں ، اپوزیشن اتحاد ایک خاص سطح تک ہوجائے تو الیکشن جیتنا ممکن ہوجائے گا۔ ابھی اپوزیشن اتحاد ایک نقطہ تک پہنچا ہے ۔ یہ عام ہے ۔ ہر ایک پارٹی اور ان کے لیڈروں کی الگ الگ خواہشات کے درمیان اپوزیشن اتحاد بنانے کی کوشش کو لے کر شک سے متعلق ایک سوال پر راہل گاندھی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس کا حل نکل جائے گا۔
ادھر انہوں نے بنگلورو میں صفائی ملازمین سے بھی بات چیت کی۔ جب گاندھی نے صفائی ملازمین سے پوچھا کہ اگلے پانچ سالوں میں وہ حکومت سے کیا امید کرتے ہیں تو ملازمین نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ انہیں مستقل کیا جائے ۔ ساتھ ہی ساتھ اپنی تنخواہ 7500 روپے فی ماہ سے بڑھا کر 18 ہزار روپے کرنے پر صفائی ملازمین نے وزیر اعلی سدا رمیا کا شکریہ ادا کیا۔