ایشین گیمز 2018: تیجندر نے شاٹ پٹ میں ریکارڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سونے کا تمغہ جیتا

03:16PM Sat 25 Aug, 2018

ہندوستان کے تیجندر پال سنگھ تور نے ریکارڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18ویں ایشیائی کھیلوں کی ایتھلیٹکس کے شاٹ پٹ مقابلہ میں سنیچر کو 20.75میٹر کا نیا گیمس ریکارڈ بناتے ہوئے سونے کا تمغہ جیت لیا۔ پنجاب کے کھوسا پانڈو کے 23 سالہ تیجندر نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ان کھیلوں میں ہندستان کو ایتھلیٹکس کا پہلا اور مجموعی طورپر ساتواں سونے کا تمغہ دلایا۔ تیجندر اس برس گولڈ کوسٹ دولت مشترکہ کھیلوں میں 19.42میٹر کی تھرو کے ساتھ آٹھویں مقام پر رہے تھے جبکہ گزشتہ برس بھونیشور میں ہوئی ایشین چیمپئن شپ میں انہوں نے 19.77میٹر کے تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔
 بحریہ میں ملازم تیجندر نے اپنی پانچویں تھرو میں 20.75میٹر تک گولہ پھینکا اور ایشیائی کھیلوں کا نیا ریکارڈ بناتے ہوئے سونے کا تمغہ یقینی کرلیا۔ انہوں نے چھٹی اور آخری تھرو میں بھی 20میٹر کی دوری ناپی جبکہ دیگر کوئی دوسرا ایتھلیٹ 20میٹر تک بھی نہیں پہنچ سکا۔پنجاب کے اس ایتھلیٹ کی پہلی تھرو 19.96 میٹر ، دوسری 19.15میٹر، چوتھی 19.96میٹر، پانچویں 20.75میٹر اور چھٹی تھرو 20.00میٹر رہی ۔ چین کے یانگ لیو نے 19.52میٹر کی تھرو کے ساتھ چاندی اور قزاخستان کے ایوان ایواتوف نے 19.40میٹر کے تھرو کے ساتھ کانسہ کا تمغہ جیتا۔