میں اپنااسمبلی حلقہ تبدیل نہیں کررہاہوں۔ سدارامیا 2018کاچناؤ میرے لئے آخری ہوگا۔ کانگریس نے وزیراعلیٰ کے امیدوار کا اعلان نہیں کیاہے

03:21PM Fri 29 Dec, 2017

بنگلور۔29؍دسمبر(سالار نیوز) ریاستی وزیراعلیٰ سدارامیا نے آج کہا کہ وہ2018کا اسمبلی چناؤ میسور ضلع کے چامنڈیشوری اسمبلی حلقہ سے لڑیں گے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔ اس خبر کو مسترد کرتے ہوئے کہ وہ اپنا اسمبلی حلقہ تبدیل کرنے کے لئے بے تاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں چامنڈیشوری چھوڑ کر کہیں نہیں جاؤں گا۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے حلقہ سے متعلق کھل کر آج اعلان اس لئے کیا کہ پارٹی کے اعلیٰ ذرائع سے یہ خبریں گشت کررہی تھیں کہ سدارامیا اپنا اسمبلی حلقہ بدل کر بنگلور میں ہیبال اسمبلی حلقہ سے چناؤ لڑیں گے۔ آج ٹمکور میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سدارامیا نے یہ سوال کیا کہ اس طرح کی اطلاع کیا کانگریس صدر راہل گاندھی نے دی ہے جو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کی اتھارٹی ہیں میڈیا کیا یہ بتاسکتی ہے؟۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے20 حلقے ایسے ہیں جہاں سے وہ چناؤ جیت سکتے ہیں۔ اس سے قبل سدارامیا نے یہ خواہش ظاہر کی تھی وہ2018کا اسمبلی چناؤ چامنڈیشوری حلقہ سے لڑنا چاہتے ہیں۔اس حلقے نے انہیں سیاسی طاقت دی اور دوبارہ جنم بھی دیا۔ 1983 میں وہ اس حلقہ سے تیسری مرتبہ منتخب ہوئے تھے، سدارامیا لوک دل پارٹی کی ٹکٹ پر چامنڈیشوری حلقہ سے منتخب ہوئے تھے۔ وہ اس حلقہ سے پانچ مرتبہ اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے تھے اور دو مرتبہ ہارکا سامناکیاتھا۔ 2008میں اسمبلی حلقوں کی از سرنو حد بندی کے دوران میسور میں ورونا علاحدہ اسمبلی حلقہ بننے کے بعد سے سدارامیا اس حلقہ کی نمائندگی کررہے ہیں۔ یہ قیاس آرائیاں ہورہی ہیں کہ وزیراعلیٰ ورونا سے اپنے بیٹے یتیندرا کو میدان میں اتارنے کے لئے بے تاب ہیں۔ سدارامیا نے یہ بھی اشارہ دیا ہے کہ2018کا اسمبلی چناؤ ان کے لئے آخری چناؤ ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگلے سال ریاستی اسمبلی کیلئے ہورہے انتخابات کے لئے کانگریس نے ابھی سے کسی امیدوار کو وزیراعلیٰ کے امیدوار کے طورپر پیش نہیں کیاہے۔ یہ فیصلہ پارٹی ہائی کمان کرے گا۔