حج 2018 کا باضابطہ آغاز، 20 لاکھ عازمین حج آج منیٰ میں نمازاداکریں گے

01:01PM Sun 19 Aug, 2018

مناسکِ حج کے پہلے روز عازمینِ حج مکہ مکرمہ سے آٹھ کلومیڑ دور مِنیٰ پہنچ رہے ہیں۔ عازمین کی مِنی آمد کا سلسلہ اتوار کو رات گئے تک جاری رہے گا۔ مِنیٰ میں قیام کر کے کل پیر کے روز 9 ذو الحجہ کو صبح فجر کے بعد عازمین حج عرفات کا رخ کریں گے جہاں حج کا رکن اعظم یعنی "وقوف عرفات" ادا کیا جائے گا۔ مناسک حج کی ادائیگی کے لئے منیٰ پہنچے تمام عازمین حج آج منیٰ میں ظہر، عصر، مغرب اورعشا  کی نمازادا کریں گے۔ بڑی تعداد میں لوگ رات میں ہی پہنچ گئے تھے۔ عازمین حج آج منیٰ میں ہی رہیں گے، اس کے بعد کل نماز فجر کی ادائیگی کے بعد عازمین حج عرفات کے لئے روانہ ہوجائیں گے۔
 منیٰ میں موجود ایک اورعالم دین مولانا منصوراحمد مدنی نے بتایا کہ اس وقت منیٰ میں تقریباً  80 فیصد حجاج کرام  پہنچ چکے ہیں، مختلف حج کمیٹیوں کے ذریعہ حجاج لائے جارہے ہیں۔  انہوں نے بتایا کہ آج صبح سے ہی حجاج کرام پہنچ گئے ہیں۔ داخلی حجاج بھی پہنچ گئے ہیں اورشام تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔