عام بجٹ 2017:ریلوے میں چھوٹ پانے کے لیے آدھار کو ضروری بنا نے کی تیاری
01:50PM Mon 30 Jan, 2017

نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز)حکومت ریلوے میں چھوٹ حاصل کرنے کے لیے آدھار یا یونیک آڈنٹی فکیشن(یوآئی ڈی )کارڈ کو ضروری بنانے پر غور کر رہی ہے۔وزیر خزانہ ارون جیٹلی یکم فروری کو بجٹ پیش کرتے وقت اس کا اعلان کر سکتے ہیں۔غورطلب ہے کہ اس بار ریل بجٹ کو ختم کرکے اسے عام بجٹ میں ہی ملا دیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ آدھار یا یو آئی ڈی کو لازمی بنانے سے حکومت کو چھوٹ کا فائدہ اٹھانے والوں پر نظر رکھنے اور گڑبڑیاں روکنے میں مدد ملے گی۔دراصل، ریلوے 50سے زیادہ زمرے کے مسافروں کو چھوٹ دیتا ہے۔ان میں بزرگ، طلبا ، ریسرچ اسکالر ، استاد، ڈاکٹر، نرس، مریض، کھلاڑی، بے روزگار نوجوان، ارجن ایوارڈ یافتہ وغیرہ شامل ہیں۔ابھی بزرگوں کو مل رہی چھوٹ میں ریلوے ا س کا پائلٹ پروجیکٹ چلا رہا ہے۔مالی سال 2015-16میں کل 1600کروڑ روپے کی چھوٹ دی گئی ، جس کا سب سے بڑا حصہ بزرگوں کو دی گئی چھوٹ میں گیا۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ابھی تک 100کروڑآدھار کارڈ تقسیم کئے جا چکے ہیں، یعنی، ملک کی بڑی آبادی کو آدھار نمبر جاری کر دئیے گئے ہیں۔