اسمبلی انتخابات 2017 نتائج: رجحانات میں گجرات۔ ہماچل میں بی جے پی کی حکومت

10:10AM Mon 18 Dec, 2017

نئی دہلی۔ گجرات اسمبلی کی 182 نشستوں اور ہماچل پردیش کی 68 اسمبلی نشستوں پر ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ گجرات اور ہماچل کے انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی کی لہر بدستور برقرار رہتی نظر آ رہی  ہے۔  گجرات میں جہاں ایک بار پھر رجحانات میں بی جے پی کی حکومت بننے جا رہی ہے۔ وہیں، ہماچل پردیش میں بھی بی جے پی کی حکومت بننے جا رہی ہے۔  بی جے پی نے دونوں ہی ریاستوں کے انتخابی نتائج کے رجحانات میں اکثریت حاصل کر لی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے ان رجحانات پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نتائج ہمارے مطابق ہی آئے ہیں۔ دونوں ریاستوں میں واضح اکثریت سے حکومت بنی ہے۔ وزیر اعظم کی قیادت پر یہ مہر ہے۔ وہیں، سبرامنیم سوامی نے ہندوتو کو جیت کا کریڈٹ دیا۔ دوسری طرف، این سی پی لیڈر اجیت پوار نے کہا کہ آج کے فیصلہ پر سبھی کو غوروفکر کرنا ہو گا۔ بی جے پی کو یکطرفہ جیت نہیں ملی ہے۔ راہل گاندھی پر لوگوں نے اپنا اعتماد ظاہر کیا ہے۔ ان کی قیادت سے لوگوں کو تحریک ملی ہے۔ انتخابات کے رجحانات کے دوران سینسیکس میں بھاری گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ سینسیکس 600 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ کھلا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انتخابات کا اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بتا دیں کہ گجرات کے انتخابات میں بی جے پی کانگریس سے سبقت بنائے ہوئے ہے۔ بی جے پی کی سیٹوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی صدر امت شاہ اور کانگریس صدر راہل گاندھی کے لئے وقار کی جنگ بنے گجرات اسمبلی انتخابات کی ووٹوں کی گنتی سخت سیکورٹی کے درمیان آج صبح آٹھ بجے سے شروع ہو گئی۔ چیف الیکشن افسر بی بی سوین نے بتایا کہ ریاست بھر میں کل 37 ووٹوں کی گنتی مراکز بنائے گئے ہیں جن میں سے احمد آباد میں تین اور سورت میں دو دو اور باقی 30 اضلاع میں ایک ایک ہیں۔ تمام 182 اسمبلی سیٹوں کے لئے پہلے پوسٹل بیلٹ ووٹوں کی گنتی صبح آٹھ بجے سے شروع ہوئی ہے،ساڑھے آٹھ بجے سے ا ی وی ایم کے ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی. کل 16 بوتھوں پر کمیشن کی ہدایت کے مطابق ’وی وی پیٹ‘ پرچی کی گنتی بھی ہورہی ہے۔ ہر علاقے کے لئے اس وقت مشاہد کے علاوہ مائیکرو آبزرورز کی بھی تقرری ہوئی ہے۔ووٹوں کی گنتی ختم ہونے پر تمام علاقے کے ایک بوتھ کے وی وی پیٹ پرچی کی بھی پائلٹ پراجیکٹ کے تحت گنا اور ملایا جائے گا۔ مرکزی سیکورٹی فورس سمیت کل 20 ہزار سیکورٹی فورسزز کے جوان ووٹوں کی گنتی کے دوران تمام مراکز پر تعینات کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ووٹوں کی گنتی سے 20 ہزار اہلکار جڑے ہیں۔سمجھا جاتا ہے کہ ابتدائی رجحان صبح نو بجے سے ملنے شروع ہوجائیں گے۔ تمام نتائج دوپہر تک آ جانے کی توقع ہے۔ ریاست میں نو دسمبر کو پہلے مرحلے میں جنوبی گجرات اور سوراشٹر کی 19 اضلاع کی 89 سیٹوں اور 14 دسمبر کو دوسرے اور آخری مرحلے میں شمالی اور وسطی گجرات کے 14 اضلاع کی 93 سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی تھی۔ دوسرے چھ بوتھوں پر کل دوسری مرتبہ ووٹنگ ہوئی۔ وہیں، ہماچل پردیش میں نو نومبر کو ہوئے الیکشن کے لئے بی جےپی کی جانب سے مسٹر مودی کے علاوہ امت شاہ،وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر صحت جےپی نڈا،بی جےپی کے سینئر لیڈر شانتا کمار وغیرہ نے جم کر انتخابی تشہیر کی تھی جبہ کانگریس کی طرف سے راہل گاندھی ،آنند شرما،ویربھدر سنگھ،نوجوت سنگھ سدھو وغیرہ نے انتخابی تشہیر کی تھی۔ ان دونوں ریاستوں میں ووٹنگ کے بعد ایگزٹ پول میں بی جےپی کو کافی سبقت ملنے کے اشارے سے بی جےپی کے خیمے میں جوش وخروش کا ماحول ہے جبکہ کانگریس میں تھوڑی مایوسی ہے لیکن کانگریس نے ایگزٹ پول کے نتیجوں کو مسترد کرتےہوئے اپنی جیت کا دعوی کیا ہے۔