وزیر اعلی نتیش کمار انورت ایوارڈ 2016سے نوازے گئے 

03:50PM Thu 30 Mar, 2017

پٹنہ، (بھٹکلیس نیوز)بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو آج جین شویتامبر تیراپنتھ دھرم سنگھ انورت مہاسمیتی نے اعلی ترین اعزاز انورت ایوارڈ 2016سے سرفراز کیا ۔پٹنہ میں واقع شری کرشن میموریل ہال میں منعقد ایک پروگرام کے دوران گورنر رام ناتھ کوند اور آچاریہ مہا شرمن جی کی موجودگی میں جین شویتامبر تیراپنتھ دھرم سنگھ انورت مہاسمیتی کی طرف سے انورت ایوارڈ 2016کے ساتھ ساتھ میمو ، کتابیں اورعلامتی نشان سے نوازا گیا۔تقریب کے دوران انورت کمیٹی کی جانب سے ایک لاکھ 51ہزار روپے کا چیک وزیر اعلی کو وزیر اعلی ریلیف فنڈ کے لیے پیش کیا گیا۔قابل ذکرہے کہ انورت ایوارڈ خصوصی شہرت کے حامل افراد کو دیا جاتا ہے۔اس سے پہلے یہ اعزاز سابق صدر شنکر دیال شرما، سابق نائب صدر بھیروں سنگھ شیخاوت، سابق وزیر اعظم گلزاری لال نندا وغیرہ کو دیا گیا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ آج جو یہ انورت ایوارڈ 2016ملا ہے، یہ ان کا احترام نہیں بلکہ یہ بہارکی عوام کا احترام ہے۔نتیش نے اپنے خطاب کے دوران آچاریہ شری شرمن جی سے کہا کہ بہار میں شراب بندی اور نشہ سے نجات کی مہم کو آگے بڑھانے کے مقصد سے عدم تشدد یاترا کے لیے ان کو ایوارڈ سے نوازاگیا ، اس کے لیے وہ شکرگزار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مکمل شراب بندی سے بہار میں سماجی تبدیلی کی بنیاد پڑی ہے، شراب بندی کی مہم جاری رہے گی۔نتیش نے کہا کہ آج سماج میں ٹکراؤ ، عدم تحمل اور تعصب کاجو ماحول ہے، ہمیں اس سے باہر آنا ہو گا، آپس میں محبت اور ہم آہنگی کی فضاقائم کی جائے ، ہم اسی پالیسی پر چل رہے ہیں، ہمارا مقصد صرف ترقی نہیں، بلکہ انصاف کے ساتھ ترقی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی خواہش کے مطابق شراب بندی لاگو کی گئی ہے ، عوام کے تعاون سے کامیاب رہی ۔نتیش نے انورت تحریک سے وابستہ سبھی لوگوں سے اپیل کی کہ شراب بندی کی یہ مہم سبھی جگہ چلنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اب شراب بند ی کا ہر جگہ مطالبہ ہو رہا ہے۔اس موقع پر گورنر رام ناتھ کووند نے وزیر اعلی نتیش کمار کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مکمل شراب بندی کا ریاستی حکومت کا فیصلہ ایک تاریخی ،جرات مندانہ اور سماجی اصلاحات کی سمت میں انتہائی انقلابی فیصلہ ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آچاریہ مہا شرمن جی نے کہا کہ آدمی-آدمی کے تئیں محبت کے جذبات اور ہم آہنگی رہنے چاہیے ، اخلاقیات بہت اہم چیز ہے، اپنے اپنا نظم و ضبط ہونا چاہیے۔شراب بندی کے ساتھ نشہ سے آزادی ہو تو اور اچھا رہے گا۔