ملک میں اب 2014 جیسی مودی لہر نہیں ، لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو ہوگا نقصان : سنجے راوت

02:42PM Fri 23 Feb, 2018

ممبئی : شیو سینا کے سینئر لیڈر سنجے راوت نے کہا ہے کہ 2019 کے انتخابات میں ان کی پارٹی سبھی سیٹوں پر اکیلے ہی لڑے گی ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو ممبئی میں منعقدہ نیوز 18 انڈیا کے چوپال میں کہی۔ راوت نے واضح کیا کہ دوستی شیوسینا نے نہیں توڑی ہے ، ہم تو اتحاد میں رہنا چاہتے تھے ۔ راوت نے کہا کہ شیو سینا کے سربراہ اودھو ٹھاکرے نے 26 جنوری 2016 کو کہا تھا کہ آنے والے سبھی انتخابات میں ہم آزاد ہوکر لڑیں گے ۔ یہ آج کی بات نہیں ہے۔ ہم نے 2019 کی بات کی تھی ، لیکن ہم نے یہ نہیں کہا تھا کہ سرکار کو گرائیں گے یا کسی اور متبادل کی تلاش کریں گے ۔
 سنجے راوت نے کہا مزید کہا کہ ہم نے سوچا ہے کہ ہمیں بھی صد فیصد شیو سینا کا نعرہ دینا ہے تو اس میں غلط کیا ہے ۔ پارٹی کی توسیع کرنے کا ہمیں پورا حق ہے۔ پورے مہاراشٹر میں سبھی سیٹوں پر لڑنے کی تجویز پارٹی کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں پاس ہوئی تھی ۔ بی جے پی کے ساتھ دشمنی نہیں ہے اور ہونی بھی نہیں چاہئے ۔ ہر پارٹی کو اپنے اپنے نظریات کو لے کر آگے جانے کا حق ہے ۔مہاراشٹر میں کانگریس اور شرد پوار کا بیس رہا ہے اور رہے گا راوت نے کہا کہ ہماری پارٹی بھی کیڈر بیس پارٹی ہے ۔ لوگوں کا موڈ کیا ہے ہمیں بھی معلوم ہے ۔ 50 سال سے ہم اس ریاست میں کام کررہے ہیں ، لیکن ایک بات میں ہمیشہ مانتا ہوں کہ اس ریاست میں ہمیشہ خواہ ملک میں نہ رہا ہو ، کانگریس کا بیس رہا ہے اور رہے گا ۔ شرد پوار کا بھی بیس رہا ہے اور رہے گا ۔ بی جے پی کا بھی جو حصہ ہے وہ رہے گا اور شیو سینا بھی ہے ، لیکن دیکھئے گا 2019 کا فیصلہ چونکانے والا ہوگا۔ گزشتہ لوک سبھا جیسی مودی لہر اب نہیں چوپال کے منچ پر راوت نے کہا کہ 2019 میں کانگریس کو 120 سے 130 سیٹیں ملنے کا امکان ہے ، جو ملک کی صورتحال ہے ، جو ہوا میں دیکھ رہا ہوں اس کے مطابق بی جے پی کی 60 سے 70 سیٹیں کم ہوجائیں گی ۔ 2014 میں ایک لہر تھی ، جو پنچایت الیکشن نہیں جیت پائے وہ بھی ممبر پارلیمنٹ بن گئے ، لیکن اب ایسی صورتحال نہیں ہے۔