سال 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں آخر کیوں ہار گئی کانگریس ، سونیا گاندھی نے اب کیا انکشاف

02:40PM Fri 9 Mar, 2018

ممبئی : کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے نریندر مودی حکومت پرشدید حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اچھے دن‘‘کا حال بھی ’’انڈیا شائننگ‘‘ کی طرح ہوگا اور 2019 میں ہم واپس آ جائیں گے۔متحدہ ترقی پسند اتحاد کی صدر نے آج یہاں ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں کہا کہ 2019 کے عام انتخابات میں کانگریس کا اہم موضوع مودی حکومت کے دعوے ہوں گے اور مسٹر نریندر مودی کے ’’اچھے دن کا حال‘‘ بھی اٹل بہاری واجپئی حکومت کے ’’انڈیا شائننگ‘‘ کی طرح ہی ہوگا۔ سال 2014 میں این ڈی اے سے کانگریس کی ہار پر انہوں نے کہا کہ دےگر معاملوں کے دو مرتبہ اقتدار میں رہنے کی وجہ سے یو پی اے کے خلاف اقتدار مخالف لہر کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پچھڑ گئے تھے ، نریندر مودی ( وزیر اعظم ) نے جس طرح اپنی تشہیری مہم چلائی ، ہم اس کی برابری نہیں کرپائے۔ وزیر اعظم مودی کو لے کر انہوں نے کہا کہ میں انہیں شخصی طور پر نہیں جانتی ہوں ، اٹل بہاری واجپئی ( سابق وزیر اعظم ) کے دور اقتدار میں ہم کٹر مخالف تھے ، لیکن ہم نے صحیح طریقہ سے کام کیا ۔ مودی کا صلاح دئے جانے کے بارے میں پوچھے جانے پر سونیا گاندھی نے کہا کہ میں انہیں صلاح دینے کی حماقت نہیں کرسکتی ، ایسا کرنے کیلئے ان کے پاس بہت سے لوگ ہیں۔
 اپوزیشن جماعتوں کویکجا کرنے کی کوشش میں مصروف کانگریس لیڈر نے اپنے خطاب میں مودی حکومت پرشدید حملے کئے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے چار سال کی مدت کے دوران کام کرنے کےبارے میں کافی بیان دئے جار ہے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ 26 مئی 2014 کو مسٹر مودی کے اقتدار سنبھالنے سے پہلے کیا ہندوستان مکمل طور پر ایک’’ بلیک ہول‘‘ تھا۔ کیا ہندوستان ترقی اور عظمت کی جانب صرف گزشتہ چار سال میں ہی بڑھا ہے۔ اس طرح کی باتیں کیا ہمارے لوگوں کی دانشمندی کی توہین نہیں ہے۔
محترمہ گاندھی نے کہا کہ جمہوریت میں بحث کی مکمل آزادی ہونی چاہئے۔ فی الحال کافی لوگ پیچھے چھوٹ رہے ہیں اور تاریخ کو دوبارہ لکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ملک کی موجودہ سیاست کے ایک الگ دور سے گذرنے کی بات کرتے ہوئے کانگریس کی رہنما نے کہا کہ دستور کے اصولوں پرحملہ کیا جا رہا ہے۔اقتدار سنبھالنے والے لوگ ہی اشتعال انگیز بیان دے رہے ہیں جس سے اظہار رائے کی آزادی پر خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ نیوز ایجنسی یو این آئی کے ان پٹ کےساتھ