گجرات فسادات 2002 : پیرول پر رہائی کے بعد فرار سمیر پٹیل لندن میں گرفتار

05:31AM Wed 12 Oct, 2016

احمد آباد : گجرات فسادات سے جڑے نو سب سے بھیانک معاملوں میں سے ایک کا فرار ملزم لندن کی پولیس کے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے اور اسے ہندستان لانے کے لئے گجرات پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کل وہاں روانہ ہوگی ۔ 27 فروری 2002 کو گودھرا میں سابرمتی ایکسپریس کا ایک ڈبہ جلائے جانے کے بعد پھیلے ریاست میں فسادات کے دوران یکم اور دو مارچ کو ضلع آنند کے اوڈ گاؤں اور ارد گرد کے علاقون میں اقلیتی رفقے کے 27 لوگوں کو بلوائیوں نے مار دیا تھا۔ ان میں سے 23 کو جلا دیا گیا تھا جن میں نو خواتین بھی شامل تھیں۔ اس معاملے کا ایک ملزم سمیر پٹیل پے رول پر رہائی کے بعد فرار ہو گیا تھا. اس کے لندن میں ہونے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا تھا. اس کی بنیاد پر اب اسے لندن میں پکڑ لیا گیا ہے ۔  پولیس نے بتایا کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم اسے قریب دو ہفتے میں واپس یہاں لائےگی۔اس کیس کے دو اور ملزم اب بھی فرار ہیں جبکہ خصوصی عدالت نے 2012 میں 23 ملزمان کو سزا سنائی تھی۔ درمیان میں فرار ہوجانے کی وجہ سمیر پٹیل اور دو دوسرے کے خلاف کیس کی سماعت ادھوری ہے۔
یہ معاملہ سپریم کورٹ کے حکم پر قائم ایس آئی ٹی کی تحقیقات کے دائرے میں رکھے گجرات فسادات کے نو مقدمات میں سے ایک ہے ۔