2000 نجی اسکولوں کو این سی ای آرٹی کی کتابوں کی فراہمی کی گئی: جاؤڑیکر

01:52PM Thu 13 Apr, 2017

نئی دہلی،(بھٹکلیس نیوز )مرکزی وزیربرائے فروغ انسانی وسائل پرکاش جاؤڑیکر نے آج بتایا کہ موجودہ تعلیمی سال میں سی بی ایس ای سے منسلک 2000 نجی اسکولوں کو این سی ای آرٹی کی کتابوں کی فراہمی کی گئی اور اگلے سیشن میں دیگر اسکولوں کو بھی ان کتابوں کی فراہمی کی جائے گی ۔جاؤڑیکر نے آج راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کے دوران یہ معلومات دی۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ نجی اسکولوں کے لئے تعلیم طالب علموں کو لوٹنے کا ایک ذریعہ بن گیا ہے۔ اس پر روک لگنی چاہئے۔ پبلیشرز کے ساتھ ان کا تال میل رہتا ہے اور وہ منافع کماتے ہیں۔ جاؤڑیکر کا جواب سی پی ایم رکن کے کے راگیش طرف سے اٹھائے گئے مسائل کے تناظر میں تھا جنہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ مرکزی حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ سی بی ایس ای کے تمام اسکولوں کے لئے اس سال این سی ای آرٹی کی نصابی کتابوں کو لازمی کیا جانا چاہئے۔سی پی ایم رکن نے کہا کہ نجی اسکول حکومت کے فیصلے پر عمل نہ کرنے کے لئے راستے تلاش لیتے ہیں۔ زیادہ تر اسکول والدین اور طالب علموں کو مہنگی قیمتوں میں نصاب کی کتابیں خریدنے کے لئے پابند کرتے ہیں۔ جاؤڑیکر نے کہا کہ نجی اسکولوں کی جانب سے زیادہ قیمت لئے جانے کی خبریں ملنے کے بعد سی بی ایس ای اسکولوں کے لئے این سی ای آرٹی کی کتابیں لازمی کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا سال تھا اس لئے حکومت نے یہ جائزہ لیا کہ این سی ای آرٹی کتنی کتابیں فراہمی کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے بتایاکہ ہم نے تمام اسکولوں سے ان کی ضرورت بتانے کے لئے کہا، ہمیں اچھی رائے ملی اور 2000 نجی اسکولوں نے اپنی ضرورت بتائی جنہیں این سی ای آرٹی کی کتابوں کی فراہمی کر دی گئی۔ اگلے سال ان کتابوں کی فراہمی اور اسکولوں کو بھی کی جائے گی۔