انجمن کالج میں گریجویشن ڈے کا انعقاد: 200 کے قریب طلبہ میں اسناد کی تقسیم

03:51PM Wed 11 Nov, 2020

بھٹکل: 11 نومبر، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) انجمن آرٹس، سائنس، کامرس کالج اینڈ پی جی سینٹر کے 200 کے قریب طلبہ کے درمیان گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کی اسناد تقسیم کرنے کے لیے انجمن کالج میں منگل کے روز گریجویشن ڈے کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں انجمن کے الومنائی اور انتظامیہ ممبر جناب فیاض کولا صاحب بطور مہمان خصوصی شریک رہے۔ اس موقع پر انجمن حامئی مسلمین کے صدر جناب مزمل قاضیا صاحب نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے انجمن کے اداروں میں طلبہ کی کامیابی کا تذکرہ کیا اور انجمن کی طرف سے طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور شارٹ ٹرم کورسس کا بھی ذکر کیا۔ اس تقریب میں اسناد کے علاوہ تعلیمی اور دیگر شعبوں میں ممتاز رہنے والے طلبہ کے مابین خصوصی انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس نشست کا آغاز محمد معاویہ کی تلاوت سے کیا گیا جس کے بعد پروفیسر ایم کے شیخ نے استقبالیہ کلمات پیش کیے، جبکہ عاکف قاسمجی کے شکریہ پر یہ نشست اختتام کو پہنچی۔ اسٹیج پر انجمن حامئی مسلمین کے نائب صدر جناب صادق پلور، جنرل سکریٹری جناب اسماعیل صدیق، ایڈیشنل جنرل سکریٹری جناب اسحاق شابندری، کالج بورڈ سکریٹری ڈاکٹر سید سلیم ایس ایم، پروفیسر منجوناتھ پربھو اور دیگر افراد موجود تھے۔