یوپی انتخابات:سونیا گاندھی 20فروری کو رائے بریلی میں ریلی کریں گی خطاب
03:35PM Fri 10 Feb, 2017
نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز)کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں سماج وادی اور کانگریس کے اتحاد کے لیے تشہیر کرنے کا من بنا لیا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق، 20؍فروری کو سونیا گاندھی رائے بریلی میں انتخابی ریلی سے خطاب کریں گی، حالانکہ اس سے پہلے انہوں نے پانچ ریاستوں کے اسمبلی میں تشہیر نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا،اسی وجہ سے پارٹی ذرائع کے مطابق ، یہ یوپی انتخابات میں سونیا کی واحد ریلی ہوگی۔اس کے ساتھ ہی سونیا گاندھی کی بیٹی پرینکا گاندھی بھی 14؍فروری سے رائے بریلی اور امیٹھی میں تشہیر ی مہم کا آغاز کریں گی۔پرینکا 14سے 15؍فروری تک رائے بریلی میں تشہیر کریں گی اور 16سے 18؍فروری تک امیٹھی میں تشہیر کریں گی۔راہل گاندھی 18؍فروری کو رائے بریلی میں ریلی کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ اتحاد میں 105سیٹیں کانگریس کو ملی ہیں، ساتھ ہی امیٹھی اور رائے بریلی کی زیادہ تر سیٹیں بھی کانگریس کے ہی پاس ہے، حالانکہ کچھ سیٹوں پر تنازعہ بھی ہے۔غورطلب ہے کہ سونیا گاندھی گزشتہ کچھ مہینوں سے طبیعت ناساز ہو نے کی وجہ سے پارٹی کے بڑے پروگراموں سے دور رہ رہی ہیں۔گزشتہ ماہ دہلی میں منعقد کانگریس کی جن ویدنا ریلی میں سونیا گاندھی شامل نہیں ہوئی تھیں۔