پی یو سی سال دوم کے اسباق 20 مئی سے شروع ہوں گے
02:45PM Thu 21 Mar, 2019
بنگلور۔21؍مارچ(سالار نیوز) پی یو سی اساتذہ کے دباؤ کی وجہ سے جو قبل از وقت اسباق شروع کرنے کی صورت میں پی یو سی سال دوم کے امتحانی پرچوں کی جانچ کے کام کا بائکاٹ کرنے کی دھمکی دے رہے تھے، ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سرکاری اور امدادی کالجوں میں اسباق کو 20 مئی کے لئے مؤخر کر دے گی، پہلے یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ پی یو سی سال دوم کے اسباق کا آغاز 6 مئی سے ہوگا۔اساتذہ کی انجمن کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد اساتذہ حلقہ سے منتخب رکن کونسل اور پری یونیورسٹی محکمہ کے افسران نے ریاستی وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں یہ فیصلہ کیا ہے۔اس سے قبل سرکاری اور امدادی کالجوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کی دشواریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ ان طلباء کو امتحانات کی تیاری کے لئے زیادہ وقت اور موقع فراہم کرنے کی خاطر 6 مئی سے ہی اسباق کو شروع کر دیا جائے، مگر اساتذہ نے اس اقدام کی جم کر مخالفت کی تھی اور یہاں تک کہ انہوں نے پی یو سی سال دوم کے امتحانی پرچوں کی جانچ کا بائکاٹ کرنے کی دھمکی تک دے ڈالی۔