پاکستان نے جیل سے رہا کئے 20 ہندوستانی ماہی گیر، واگھہ بارڈر سے کریں گے وطن واپسی
12:21PM Sun 14 Nov, 2021

پاکستانی آبی حدود میں مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر مچھلی پکڑنے کے معاملہ میں چار سال کی سزا پوری کرنے کے بعد 20 ہندوستانی ماہی گیروں کو اتوار کو پاکستان کے لانڈھی ضلع جیل سے رہا کردیا گیا ہے ۔ رہا کئے گئے ماہی گیروں کو ہندوستانی افسران کو سونپنے کیلئے پیر کو انہیں واگھہ بارڈر پر لایا جائے گا ۔ لانڈھی ضلع جیل کے سپرنٹنڈنٹ ارشاد شاہ نے کہا کہ ہندوستانی افسران کے ذریعہ ماہی گیروں کی نیشنلٹی کی تصدیق کرنے کے بعد خیرسگالی کے طور پر انہیں رہا کردیا گیا ہے ۔ رہا کئے گئے زیادہ تر ماہی گیر گجرات کے ہیں ۔
ارشاد نے کہا کہ ان ماہی گیروں نے چار سال جیل میں گزارے تھے اور ہماری سرکار کے ذریعہ خیرسگالی جذبہ کے طور پر آج انہیں رہا کردیا گیا ہے ۔ ایدھی ٹرسٹ فاونڈیشن نے ماہی گیروں کو لاہور میں واگھہ بارڈر تک لے جانے کا بندوبست کیا ہے ، جہاں سے انہیں پیر کو ہندوستانی افسران کو سونپ دیا جائے گا ۔ ارشاد شاہ نے کہا کہ ہم نے رہا کئے گئے ماہی گیروں کو ایدھی فاونڈیشن کو سونپ دیا ہے جو کہ ان کے سفر اور دیگر اخراجات کا خیال رکھ رہا ہے ۔ علامہ اقبال ایکسپریس ٹرین سے لاہور جائیں گے ۔ افسران نے کہا کہ اب بھی 588 ہندوستانی شہری لانڈھی جیل میں بند ہیں ، جن میں سے زیادہ تر ماہی گیر ہیں ۔
رپورٹس کے مطابق ان سبھی کو پاکستان کی سمندری سیکورٹی ایجنسی نے کچھ ساحل سے دور بحیرہ عرب کی بین الاقوامی سمندری سرحد لائن کو مبینہ طور پر پار کرکے پاکستان کی حدود میں داخل ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا ۔
پاکستان کی جیل میں ایسے تقریبا چھ سو ماہی گیر قید ہیں ۔ ایدھی ٹرسٹ فاونڈیشن نے بتایا کہ پاکستان کی جیل میں ابھی تقریبا چھ سو ہندوستان ماہی گیر قید ہیں ۔ لانڈھی اور مالیر جیل میں درجنوں غریب ہندوستانی ماہی گیر بند ہیں ۔ گزشتہ سال بھی پاکستان کی سرکار نے کئی ہندوستانی ماہی گیروں کو کیا تھا ۔