جموں وکشمیر: امرناتھ یاتریوں سے بھری دو بسیں آپس میں ٹکرائیں، 20 زائرین زخمی
05:07PM Sat 6 Jul, 2019
Share:
جموں وکشمیر کے اننت ناگ ضلع میں ہفتہ کو امرناتھ مسافروں سے بھری دو بسیں آپس میں ٹکراگئیں۔ اس حادثے میں 20 عقیدت مند زخمی ہوگئے، جن میں دو لوگوں کو سنگین چوٹیں آئی ہیں۔ زخمیوں کونزدیکی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ یہ حادثہ دوپہر 2:20 بجے کے قریب رونما ہوا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق قومی شاہراہ واقع ہرناگ علاقے میں دو بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ بتایا جارہا ہے کہ دوپہر2:20 بجے ایک بس نے دوسری بس کوپیچھے سے ٹکرماردی۔ اس حادثے میں بس میں سوار 20 زائرین زخمی ہوگئے۔ یہ سبھی زائرین یاترا کے لئے جارہے تھے۔
دو تیرتھ یاتریوں کی حالت نازک
حادثہ کے وقت موجود مقامی لوگوں نے فوراً راحت بچاو کا کام شروع کیا اورزخمیوں کو نزدیکی اسپتال پہنچایا۔ ان میں سے دو لوگوں کی حالت سنگین بتائی جارہی ہے۔ ایک پولیس افسرنے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سبھی زخمی راجستھان کے رہنے والے ہیں، جن میں 18 لوگوں کومعمولی چوٹیں آئی ہیں جبکہ دو دیگرکی حالت سنگین ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ پانچ دنوں کے دوران 67,000 سے زیادہ تیرتھ یاتری امرناتھ یاترا کرچکے ہیں۔ اب ہفتہ کو 5,124 یاتریوں کا ایک اورگروپ جموں سے روانہ ہوا ہے۔ قابل ذکرہے کہ امر ناتھ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوئی تھی۔