لکھنو میں بڑا حادثہ، وزیر حسن روڈ پر عمارت گری، ملبے میں دبے 20 سے زیادہ افراد، 3 لاشیں برآمد

03:37PM Tue 24 Jan, 2023

لکھنؤ : اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ سے بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ یہاں وزیر حسن گنج روڈ پر ایک کثیر منزلہ عمارت گر گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس عمارت میں 7 خاندان رہتے تھے۔ اس حادثہ کے بعد ملبے سے 3 لاشیں نکال لی گئی ہیں، وہیں کم از کم 20 افراد کے اب بھی دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ اس حادثہ کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر بھیجنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیراعلی کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلع مجسٹریٹ اور سینئر پولیس افسران، ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو جائے حادثہ پر راحت اور بچاؤ کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کئی اسپتالوں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ فی الحال جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ وہیں ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک بھی صورتحال کا جائزہ لینے کے لے جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔ یہاں انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ عمارت اچانک گر گئی۔ 3 لاشیں ملی ہیں اور کچھ زخمیوں کو اسپتال بھیجا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف، فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر موجود ہیں اور بچاؤ آپریشن جاری ہے ۔
دوسری جانب شہری ترقی کے وزیر اے کے شرما نے زلزلے کے جھٹکوں سے عمارت کے گرنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سبھی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی راحت اور بچاؤ کے کاموں میں لگی ہوئی ہیں۔