ٹویٹر اکاؤنٹ ویریفیکیشن کیلئے ہر ماہ ادا کرنے ہونگے 20 ڈالرز! 7 نومبر کی ڈیڈ لائن طئے
11:42AM Mon 31 Oct, 2022
دی ورج کی ایک رپورٹ کے مطابق ارب پتی ایلون مسک کی ملکیت والا ٹوئٹر فی الحال نئے ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن کے لیے 19.99 ڈالرزچارج کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ موجودہ پلان کے تحت تصدیق شدہ صارفین کے پاس سبسکرائب کرنے یا اپنا نیلا چیک مارک کھونے کے لیے 90 دن دیئے جائے گے۔ جس کے بعد کاروائی ہوسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پروجیکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کو بتایا گیا کہ انہیں فیچر شروع کرنے کے لیے 7 نومبر کی ڈیڈ لائن کو پورا کرنا ہوگا ورنہ انہیں نوکری سے نکال دیا جائے گا۔
رائٹرز کے مطابق ایلون مسک نے اتوار کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ ٹویٹر اپنے تصدیقی عمل (ویریفیکیشن پروسیس) پر نظر ثانی کرے گا، اس کے چند ہی دن پہلے انھوں نے دنیا کے سب سے بااثر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ ٹیسلا انکارپوریشن (Tesla Inc) کے سی ای او نے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے اور اس منصوبے کو اب بھی ختم کیا جا سکتا ہے لیکن ٹیکنالوجی نیوز لیٹر پلیٹ فارمر کے مطابق امکان ہے کہ اب ویریفیکیشن ٹویٹر بلیو کا حصہ بن جائے گی۔
ٹویٹر بلیو کو پچھلے سال جون میں پلیٹ فارم کی پہلی سبسکرپشن سروس کے طور پر شروع کیا گیا تھا جو ماہانہ سبسکرپشن کی بنیاد پر پریمیم فیچر تک خصوصی رسائی فراہم کرتا ہے جس میں ٹویٹس میں ترمیم کرنے کی خصوصیت بھی شامل ہے۔ ٹویٹس میں ترمیم کرنے کا فیچر بھی اس ماہ کے شروع میں دستیاب کیا گیا تھا جب مسک نے اپریل میں ٹویٹر پول کا استعمال کرتے ہوئے اپنے لاکھوں صارفین سے پوچھا کہ کیا وہ ترمیم کا بٹن چاہتے ہیں۔ 70 فیصد سے زیادہ صارفین نے ہاں کہا۔
ارب پتی مسک نے یہ بھی کہا ہے کہ ٹویٹر کی سائٹ لاگ آؤٹ ہونے والے صارفین کو ایکسپلور پیج پر ری ڈائریکٹ کیا جائے جو ٹرینڈنگ ٹویٹس دکھاتا ہے، دی ورج نے اتوار کو ان ملازمین کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا جو اس معاملے سے واقف تھے۔