ایڈی یورپا کا بیان شرمناک مخلوط حکومت کو 20-22سیٹیں یقینی: کمار سوامی
03:09PM Fri 1 Mar, 2019
بنگلور ۔28یکم مارچ،2019( سالار نیوز) وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا ہے کہ ریاست کے عوام اگر کانگریس اور جے ڈی ایس کا ہاتھ تھامیں گے تو آنے والے لوک سبھا انتخابات میں 20-22سیٹیں جیتی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ایک اورمرتبہ ہمارا ہاتھ تھاما تواس نتیجہ کے آنے میں کوئی شبہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام اگر ایسا نتیجہ دیں گے تو ایک کنڑیگا کا وزیر اعظم بننا غیر ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جمہوریت کا ملک ہے ۔ یہاں کچھ بھی ہوسکتا ہے ۔ کنڑیگا کے پھر سے وزیراعظم نہ بننے کی بات نہیں کہی جاسکتی ہے۔ کمار سوامی نے کہاکہ فوجی کارروائی کے معاملے میں مودی کی پارٹی کے تمام افراد نچلے درجے کی سیاست کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فوجوں نے پاکستان پر حملہ کیا ہے ۔ لیکن بی جے پی والے ایسا تاثر دے رہے ہیں جیسا کہ انہوں نے خود حملہ کیا ہو ۔ فوجیوں کے ماں باپ بچے یتیم ہورہے ہیں ۔ ان کی عورتیں بیوائیں ہورہی ہیں ۔ ایسے موقع پر بی جے پی والے جشن منا رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر ایڈی یورپا پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہرو ،اندرا گاندھی ، شاشتری کے زمانے میں بھی جنگیں ہوئی ہیں ۔ لیکن ان میں سے کسی نے فوج کی کارروائی کا سیاسی استعمال نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈی یورپا کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کاسوال ہی نہیں اٹھتا ۔ اس سے بی جے پی لیڈروں کا رنگ ظاہر ہوا ہے ۔ یہ لوگ ملک کے عوام کے جذبات سے کھیل رہے ہیں ۔ فوجیوں کی موت پر بھی سیاست کرنا ٹھیک نہیں ہے ۔ ایڈی یورپا کابیان شرمناک ہے ۔ انہیں پارٹی سے نکالنا مودی پر منحصر ہے ۔