تروپتی کے قریب سڑک حادثہ؛بے قابو ٹرک نے لی 20 /افراد کی جان۔ 15 زخمی
05:15AM Sat 22 Apr, 2017

بھٹکلیس نیوز / 22 اپریل، 17
چتور/ (ایجنسی)آندھرا پردیش میں ایک بے قابو ٹرک کی زد میں آنے سے 20 لوگوں کی موت واقع ہوگئی جبکہ 15 افراد شدید زخمی ہو گئے یہ حادثہ تروپتی سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر چتور ضلع میں پیش آیا. اطلاع کے مطابق یہ دردناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب بے قابو ٹرک پہلے ایک کار، پھر دو بائک سے ٹکرانے کے بعد سڑک کنارے واقع ایک بجلی کے کھمبے سے ٹکراتے ہوئے سڑک کنارے واقع ایک چھوٹی دکان کے اندر گھس گئی۔ حادثہ میں اس ٹرک نے قریب میں واقع ایک پولس اسٹیشن کے باہر احتجاج کررہے کسانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بتایا گیا ہے چھ لوگوں کی موت لاری کے پہیوں کی زد میں آنے سے ہوئی ہے جبکہ 14 لوگوں کی موت برقی تاروں کے گرنے سے واقع ہوئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پولس اسٹیشن کے باہر کسان اپنے علاقوں میں ریت کی غیر قانونی نقل و حمل کو لے کر احتجاج کررہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا اور بجلی کی ایک تار ان پر ایسے گری کہ اُٹھنا ممکن نہ ہوسکا۔اس موقع پر کچھ لوگ جب بچانے کے لئے آگے بڑھے تو بجلی کا شاک لگنے سے وہ بھی کافی جھلس گئے اور بری طرح زخمی ہوگئے۔ حادثہ آج جمعہ دوپہر 1.45 بجے کے قریب پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ ٹرک ہیوی لوڈنگ تھا اور اس کی رفتار بھی لمٹ سے بہت زیادہ تھی.
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں ایک مقامی اخبار کا نمائندہ اور پولس انسپکٹر اور سب انسپکٹر بھی شامل ہیں، جن کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ڈی ایس پی مسٹر کے ایچ ننجدپا بتایا کہ حادثے میں کل 15 زخمیوں کا علاج تروپتی کے رويا ہسپتال میں کیا جا رہا ہے.