ریاست کرناٹک میں آج سے 2 جنوری تک رہے گا رات کا کرفیو: ر ات11 بجے سے صبح 5 بجے تک نافذ رہے گا کرفیو؛ کونسی چیزیں رہیں گی جاری پڑھئے تفصیلات
03:34AM Thu 24 Dec, 2020
بھٹکل: 24 دسمبر، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کورونا وائرس وبا کی نئی شکل منظر عام پر آنے کے بعد کرناٹک ریاستی حکومت نے نائٹ کرفیو کا اعلان کردیا ہے۔ وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا نے نائٹ کرفیو کا اعلان کرتے ہوئے مکمل طور پر احتیاط برتنے کی عوام سے اپیل کی ہے۔ 24 دسمبر سے 2 جنوری تک رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ ضروری سرگرمیوں کو چھوڑ کر تمام سرگرمیوں پر پابندی رہے گی۔ ریاست کے چیف سکریٹری ٹی ایم وجئے بھاسکر کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ کے مطابق نائٹ کرفیو کا سختی کے ساتھ نفاذ عمل میں آئے گا۔ کرفیو کے اوقات میں عوام کی چہل پہل پر مکمل طور پر پابندی رہے گی۔ صرف ضروری سرگرمیوں کیلئے اجازت رہے گی۔ مال گاڑیوں کی آمد و رفت پر کسی بھی طرح کی پابندی نہیں رہے گی۔ تمام طرح کے اشیاء کی ٹرانسپورٹیشن میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ نہیں رہے گی۔
تمام صنعتی ادارے، کمپنیاں جنہیں رات میں اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھنا ضروری ہے، پچاس فیصد عملے کے ساتھ کام کاج کرسکتے ہیں۔ان کمپنیوں کے ملازمین کو آیا کمپنی سے جاری شناختی کارڈ کے ساتھ آمد و رفت کی اجازت ہوگی۔ ایسی کمپنیاں یا کارخانے جہاں ہر دن 24 گھنٹے پیداوار یا کام کاج انجام پاتا ہے، ان پر کسی بھی طرح کی پابندی نہیں ہوگی۔ طویل فاصلے کی بس اور ٹرین سرویس اور ہوائی خدمات کیلئے اجازت رہے گی۔ بس اسٹانڈ، ریلوے اسٹیشن اور ائیر پورٹ کیلئے آنے جانے والے مسافر ٹیکسی اور آٹو کا استعمال کرسکتے ہیں۔ ایسے افراد کو باہر نکلنے کے بعد اپنے سفر کا ٹکٹ پیش کرنا ہوگا۔
24 تاریخ کی دیر رات کرسمس کی تقریبات کیلئے اجازت ہوگی۔ کووڈ 19 کے احتیاطی اصولوں پر عمل درآمد کے ساتھ کرسمس کی تقریبات منعقد کی جاسکتی ہیں۔ اسطرح حکومت نے ضروری خدمات اور سرگرمیوں کیلئے اجازت فراہم کرتے ہوئے نائٹ کرفیو کا اعلان کیا ہے۔
حکومت نے اپنے تحریری بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کا نیا روپ SARS-CoV2 کی برطانیہ میں نشاندہی ہوئی ہے جو تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ حال ہی میں برطانیہ سے کرناٹک لوٹنے والے چند افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان مریضوں پر نگاہ رکھی گئی ہے، کیا یہ مریض نئے وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اس کی جانچ جاری ہے۔ حکومت نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر کورونا کے نئے روپ کے وائرس SARS-Cov2 کو پھیلانے سے روکنے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت آن پڑی ہے۔ اس لئے نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے